اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
بدھ

13 مارچ 2024

8:39:33 PM
1444243

طوفان الاقصی؛

طوفان الاقصیٰ نے دوست اور دشمن کو آزما لیا / یہ آپریشن دنیا میں طاقت کی صف بندیوں کی تبدیلی کا اظہار ہے / فلسطینیوں نے 80 سالہ دور میں خالی ہاتھوں لڑنا سیکھ لیا ہے۔۔۔ جنرل قاآنی

سپاہ پاسداران کی قدس فورس کے کمانڈر نے کہا: طوفان الاقصیٰ نے دوست و دشمن، دونوں، کو آزما لیا / طوفان الاقصیٰ کی فلسطینی کاروائی دنیا میں طاقت کی صف بندیوں کی تبدیلی کا اظہار ہے / انھوں نے آئی آر آئی بی کی کارکردگی کو سراہا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی براڈکاسٹنگ کے ادارے "آئی آر آئی بی" کے سربراہ ڈاکٹر پیمان جبلی نے ادارے کی شیش عمارت میں سپاہ پاسداران کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل الحاج اسماعیل قاآنی سے ملاقات کی اور فلسطین کی صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس سال کے ماہ مبارک رمضان کو بے مثل ترین رمضان اور یوم القدس کو منفرد ترین یوم القدس قرار دیا

اور کہا: ہمیں اس سال کے یوم القدس کے لئے دوسرے ممالک کے لئے نمونۂ عمل پیش کرنا پڑے گا اور غزہ کے مظلوم عوام کی یاد کو زندہ رکھنا پڑے گا۔

انھوں نے کہا: گذشتہ 45 برسوں میں کوئی بھی ماہ رمضان ایسا نہیں تھا جو اس سال کے ماہ رمضان کی طرح مقبوضہ فلسطین میں اتنے سارے اہم مسائل سے مالامال ہو۔ تقریبا چھ مہینوں سے غزہ میں مسلسل المیے وقوع پذیر ہو رہے ہیں اور فلسطینیوں نے اپنے مشن کے لئے 31000 سے زائد شہداء کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

انھوں نے قومی میڈیا کی منصوبہ بندیوں اور یوم القدس کی ریلیوں کے شاندار انعقاد کی تیاریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ہمیں غزہ کے بے گھر لوگوں کی اخلاقی اور مادی امداد کے حوالے سے قصور نہیں کرنا چاہئے۔ ہمیں فلسطینی مظلوموں کی حمایت کے لئے عوام کے ذخیرہ شدہ شدید غم و غصے اور عزم کو میدان میں لانا پڑے گا اور ماہ مقدس میں یوم القدس پر توجہ مرکوز رکھنا چاہئے اور اس دن کے لئے تیار ہونا چاہئے اور پوری قوت کے ساتھ میدان عمل میں ہونا چاہئے۔

فلسطین کے عظیم واقعے کا جغرافیہ "غزہ" لیکن اس واقعے کی سطح عالمگیر ہے

اس موقع پر سپاہ پاسداران کی قدس فورس کے کمانڈر الحاج اسماعیل قاآنی نے رمضان کے مبارک مہینے کی آمد پر مسلمانان عالم کو مبارک باد دی اور اسلامی نظام کے اہداف و مقاصد آگے بڑھانے اور مسئلہ فلسطین کی تشریح میں آئی آر آئی بی کی کارکردگی کو ہدیۂ تحسین پیش کیا اور کہا: فلسطین کے آج کے اس عظیم واقعے کا جغرافیہ "غزہ" ہے لیکن اس کے اثرات کی سطح عالمگیر ہے۔ طوفان الاقصیٰ کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس نے تمام ممالک ـ خواہ وہ جو دوست ہیں، خواہ وہ جو دشمن ہیں ـ کو آزما لیا۔

انھوں نے کہا: فلسطینی عوام کو 80 سال کے عرصے سے مغربی اور صہیونی یلغار کا سامنا ہے اور اس عرصے میں ان کے اقدامات صرف دفاعی ہؤا کرتے تھے، لیکن انہوں نے رفتہ رفتہ، عزت مندانہ انداز سے خالی ہاتھوں لڑنا سیکھ لیا اور یہ سارے مفاہیم اور تصورات لفظ "مقاومت" (Resistance) میں مجتمع ہیں۔

جنرل قاآنی نے مزید کہا: ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا کہ 80 برسوں سے دلوں میں مجتمع ہونے والے غصے نے ایسا طوفان بپا کیا کہ فلسطینی عوام کی مقاومت نے مثالی حیثیت اختیار کر لی، صہیونی ریاست کو طوفان الاقصیٰ کے دوران عجیب حیرت زدگی اور آشفتہ حالی کے تجربے سے گذرنا پڑا۔ طوفان الاقصی آپریشن دنیا بھر میں طاقت کی صف بندیوں میں تبدیلی کا اظہار ہے۔

انھوں نے کہا: ہم برادرانہ اندا سے مقاومتی محاذ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمارا ہنر یہ ہونا چاہئے کہ مختلف جہتوں میں اپنی صلاحیتوں سے کام لیں۔

انھوں نے کہا: ایران اور عالم اسلام کے ذرائع ابلاغ فلسطین میں جاری جنگی صورت حال کی تشریح، غزہ کے حالات اور فلسطینیوں سمیت مسلمانوں کی امیدافزائی میں بنیادی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

قدس فورس کے کمانڈر نے کہا: طوفان الاقصیٰ آپریشن عالمی سطح پر طاقت کی صف بندیوں میں تبدیلی کا اظہار ہے، اور ہمارے ذرائع ابلاغ اور قومی نشریاتی اداروں کو غزہ کے واقعات کے مفاہیم کی تشریح کا خصوصی اہتمام کرنا چاہئے۔

انھوں نے مزید کہا: اس سلسلے میں غلط تشہیری کام بھی ہو رہے ہیں، حقائق کو بھی توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے، اور آئی آر آئی بی ان ان تحریفات اور شبہات کا کامیابی سے ازالہ کیا ہے، اور ہمارے ذرائع ابلاغ اس حوالے سے غزہ کی صورت حال کی واضح ترین عکاسی کا اہتمام کر سکتے ہیں۔

انھوں نے فلسطین کے بیانیے کی تشریح کے حوالے سے آئی آر آئی کی فعالیت کو قابل تقلید معیار قرار دیا اور کہا: ہمیں امید ہے کہ فلسطینی عوام کی مظلومیت کے بارے میں ہمارے قومی نشریاتی ادارے کی صدا پوری دنیا میں سنی جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110