اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
منگل

13 فروری 2024

8:42:55 PM
1437540

طوفان الاقصی؛

لبنان پر حملے کی صورت میں 20 لاکھ صہیونیوں کو بے گھر کر دیں گے۔۔۔ سید حسن نصراللہ

سید حسن نصر اللہ آج "یوم الجریح" کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا: صہیونیوں پر جنوبی لبنانی محاذ کا دباؤ اور فلسطینی مقاومت نیز غزہ کی حمایت اور دشمن کو کمزور کرنے کا عمل غزہ پر مسلط کردہ جنگ کے خاتمے تک جاری رہے گا، دشمن جنگ بند کرے گا تو ہم بھی پہلے سے موجودہ قواعد کی طرف پلٹیں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، سیکریٹری جنرل حزب اللہ لبنان سید حسن نصر اللہ نے [منگل 12 جنوری 2024ع‍ کو] یوم الجریح کے موقع پر منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے لبنان کے زخمی ہونے والے فوجیوں اور مجاہدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

حزب اللہ لبنان یوم ولادت حضرت ابوالفضل (علیہ السلام) کو یوم جریح قرار دیا ہے اور چنانچہ انھوں نے لبنانی مقاومت اسلامی کے زخمیوں کی قدردانی کی۔

انھوں نے میلاد امام حسین (علیہ السلام) اور یوم پاسدار نیز اسلامی انقلاب کی 45ویں سالگرہ کے حوالے سے بھی سپاہ پاسداران اور محور مقاومت کو مبارکباد پیش کی اور کہا: سپاہ پاسداران ابتداء ہی سے مقاومتی تحریکوں کی حقیقی اور طاقتور حامی تھی۔

انھوں نے کہا: محور مقاومت کی آج کی طاقت اسی انقلاب اسلامی کی برکت سے حاصل ہوئی ہے جس کی ہم ان دنوں سالگرہ منا رہے ہیں۔

سید حسن نصر اللہ نے مزید کہا: ہمارے تمام اسیر مقاومت کے مجاہدین کی کوششوں سے رہا ہو گئے، ہم اس دن کی مناسبت سے اپنے پاسدار بھائیوں کو مبارک باد کہتے ہیں جو حقیقتا مقاومتی تحریکوں کے مضبوط اور قوی حامی ہیں۔

غاصب صہیونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کا 130 روزہ قتل عام اور فلسطینی عوام کی 130 روزہ مردانہ وار مزاحمت

سیکریٹری جنرل حزب اللہ لبنان نے غزہ اور مغربی کنارے میں صہیونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے 130 روز سے جاری وحشیانہ قتل عام اور بے پناہ درندگیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: صہیونی جرائم کے مقابلے میں فلسطینیوں نے 130 روزہ افسانوی صبر و استقامت کی نئی مثالیں قائم کیں اور جب تک کہ صہیونی جارحیت جاری رہے گی مزاحمت بھی جاری رہے گی۔

انھوں نے کہا: جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے یہ مسئلۂ فلسطین کے سلسلے میں دنیا والی کی ہوشیاری اور آگہی کا سبب بن رہا ہے اور اسرائیلی دشمن کو ان 130 دنوں میں شکست اور بے بسی کے سوا کچھ بھی نہیں ملا ہے۔ اور جو کچھ ہم غزہ کی حمایت میں، کر رہے ہیں یہ اس ذمہ داری کا دیانتدارانہ جواب ہے جو ہم پر عائد کی گئی ہے۔

غاصب ریاست خطے میں تمام بحرانوں کی جڑ

سیدالمقاومہ نے نے غاصب ریاست کو خطے کے تمام بحرانوں کی جڑ قرار دیا اور کہا: "اسرائیل" کے ہاتھوں فلسطین سمیت خطے کے عرب مسلمانوں کا قتل عام سنہ 1948ع‍ سے شروع ہؤا ہے اور یہی خطے میں بحرانوں کی جڑ ہے۔ ایک "طاقتور اسرائیل" پورے خطے کے لئے خطرناک ہے۔ غزہ میں رونما ہونے والے واقعات کی رو سے، حقیقت یہ ہے کہ "اسرائیل کی شکست" نہ صرف فلسطین کے مفاد میں ہے بلکہ پورے خطے کے ممالک کا قومی مفاد بھی اسی میں ہے۔

عالمی اداروں کو غزہ میں صحافیوں کے قتل عام سے نمٹنے کے لئے اقدام کرنا چاہئے

انھوں نے کہا: ہم بین الاقوامی برادری اور صحافیوں کے تحفظ کے لئے قائل بین الاقوامی اداروں سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ میں صحافیوں کے تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات کریں اور غاصبوں کو صحافیوں پر حملوں کے حوالے سے جوابدہی پر مجبور کریں۔ 

انھوں نے لبنان کے سرحدی باشندوں کی جدوجہد اور استقامت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: جو لوگ سب سے پہلے لبنانی سرحدوں پر بیرونی جارحیت کا سامنا کرتے ہیں وہ سرحدی بستیوں اور جنوبی علاقوں کے باشندے ہیں، بہت سے شہداء کا تعلق بھی سرحدی بستیوں سے ہے۔

مغرب کو صرف اسرائیلی مفادات کی فکر ہے

سید المقاومہ نے کہا: مغربی نمائندے صرف اسرائیل کی حمایت کے ضمن میں لبنان کے دوروں پر آتے ہیں؛ وہ اسرائیلی سوچ اور منصوبوں کو 100 فیصد قبول کرتے ہیں اور صرف اسرائیلی منصوبوں کو لبنان کے سامنے رکھتے ہیں؛ مغربی وفود اپنے کاغذات میں غزہ میں ہونے والے جرائم، جارحیت اور بھوک اور قحط کی طرف اشارہ تک نہیں کرتے؛ مغربی وفود "اسرائیل کی سلامتی اور نوآبادکاروں کی بستیوں میں واپسی" کے سوا دوسرے تمام حقائق کو نظرانداز کرتے ہیں۔

دشمن لبنان پر اپنی شرائط مسلط کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے

انھوں نے کہا: جنوبی لبنان کے محاذ کا دشمن پر دباؤ، اور اسے کمزور کرنے کی کوشش نیز غزہ اور فلسطینی مقاومت کی پشت پناہی کا سلسلہ غزہ پر مسلط کردہ جنگ کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ دشمن اپنی شرائط مسلط کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے بلکہ انتہائی کمزور پوزیشن میں ہے اور شدید بحرانوں سے دوچار ہے، اور میں حکومت لبنان سے کہتا ہوں کہ قرارداد نمبر 1701 کے علاوہ اضافی شرائط بھی غاصب ریاست کے لئے متعین کرے۔

ہم ہرگز سر خم نہیں کریں گے

سیکریٹری جنرل حزب لبنان نے کہا: تم [صہیونی اور مغربی طاقتیں] جتنا بھی خوف و ہراس پھیلاؤگے، ہم ہرگز سر تسلیم خم نہیں کریں گے۔ اور اگر تم نے ہم جنگ مسلط کی تو بھی جنوبی محاذ کو روکیں گے نہیں جب تک غزہ پر صہیونیوں کی جارحیت بند نہیں ہوگی۔

انھوں نے کہا: لبنان میں ایک خوف بھرا ماحول پیدا کیا گیا ہے اور یہ ماحول پیدا کرنے میں کچھ سیاستدانوں اور سیاسی و سماجی شخصیات کا کردار ہے اور یہ ماحول اخلاقی زوال اور حماقت و سفاہت تک پہنچ چکی ہے۔

دشمن لبنان میں نفسیاتی جنگ کی فضا پیدا کرنے کے درپے ہے

حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل نے زور دے کر کہا: دشمن کی نفسیاتی جنگ اور دشمن کی خدمت کرنے والے کرداروں کے کرتوتوں کو توجہ دینے کی ضرورت ہے، جو کچھ سائبر اسپیس اور سوشل میڈیا میں، عوام کے درمیان خوف و ہراس پھیلانے اور لبنان عوام کا عزم و ارادہ توڑنے کی غرض سے شائع ہو رہا ہے، اس کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے مزید کہا: کچھ لوگ جنوبی لبنان کے عوام سے رابطے کرتے ہیں اور ان سے کہتے ہیں کہ اپنے گھر خالی کرکے چلے جائیں، وہ دشمن کی خدمت کرنے کی غرض سے بے چینی اور افراتفری پھیلانے کے لئے کوشاں ہیں۔ سوشل میڈیا کے بعض نیٹ ورکس بلامعاوضہ دشمن کے کنٹرول میں ہیں اور دشمن سوشل میڈیا کی معلومات سے فائدہ اٹھا کر مقاومت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے اور موبائل فون پر رابطوں کو خفیہ طور پر سنتا ہے۔

جس دن غزہ پر صہیونی جارحیت بند ہوگی جنوبی لبنان سے بھی فائرنگ بند ہو جائے گی

سید حسن نصر اللہ نے یاددہانی کرائی، کہ جب غزہ میں جنگ بند ہوگی، غزہ پر حملے بند ہونگے، جنوب میں بھی فائرنگ رک جائے گی؛ جس وقت دشمن جنگ کو روک لے گا، ہم ان قواعد کی طرف پلٹ جائيں گے جو پہلے سے موجود ہیں اور ہمارا رد عمل حالات کے عین مطابق ہوگا۔

انھوں نے صہیونیوں کے نام نہاد "وزیر قومی سلامتی" کی دھمکیوں کا جواب دیتے ہوئے کہا: اگر ہمارے ساتھ جنگ بند نہیں کرنا چاہتے تو ہم تمہیں خیر مقدم کہتے ہیں!

سید المقاومہ نے آخر میں کہا: اگر دشمن ہمارے خلاف دھمکیوں کو عملی جامہ پہنانا چاہے تو اگر ہم نے دو لاکھ صہیونیوں کو گھر بار چھوڑنے پر مجبور کیا ہے، تو یہ تعداد 20 لاکھ تک پہنچے گی؛ اگر دشمن جنگ کا دائرہ وسیع تر کرنا چاہے تو حزب اللہ بھی مقابلتاً اپنی کاروائیوں کا دائرہ وسیع تر کرے گی۔ جو یہ سمجھتا ہے کہ مقاومت ڈر جائے گی، تو یقینا وہ شدیدا غلطی پر ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: فرحت حسین مہدوی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110