اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
اتوار

26 نومبر 2023

4:25:35 AM
1414882

طوفان الاقصٰی؛

صہیونی دشمن جنگ بندی کے سمجھوتے کا پابند نہیں ہے / صہیونی ریاست جانے والی ہے، اس سرزمین میں اس کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔۔۔ اسامہ حمدان

حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ نے کہا: صہیونی دشمن جنگ بندی کے سمجھوتے کے تمام نکات کا پابند نہیں، اسی بنا پر یہ سمجھوتہ ٹوٹ سکتا ہے / امت مسلمہ غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل کے لئے  ہوائی پل (Airbridges) قائم کرے /  عراقی، لبنانی، اور یمنی مقاومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، حرکۃ المقاومۃ الاسلامیہ "حماس" کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ اسامہ حمدان نے العالم چینل سے براہ راست نشر ہونے والی گفتگو میں کہا: جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کا سمجھوتہ فلسطینی عوام اور مقاومت کی زبردست استقامت اور ثابت قدمی کے بغیر حاصل نہيں ہو سکتا تھا۔

انھوں نے کہا:

- دشمن فلسطینی عوام اور مقاومت کی ثابت قدمی اور استقامت کے نتیجے میں ہمارے اسیروں کی رہائی پر مجبور ہؤا۔

- ہمارا خون بھی ایک ہے، دکھ درد بھی ایک ہے، جس طرح کہ ہمارے اسیروں کی رہائی سے ہماری خوشی بھی ایک ہے۔

- طوفان الاقصٰی آپریشن نے دشمن پر تزویراتی شکست ٹھونس دی، اور مقاومتی تحریکیں دشمن کو مکمل طور پر فلسطین سے مار بھگانے تک ثابت قدم رہیں گی۔

- نیتن یاہو کی کابینہ ملت فلسطین کے خلاف صہیونی جرائم کے نتائج کی ذمہ دار ہے۔

- القسام بریگیڈز اور دوسری مقاومتی تحریکیں فلسطینی عوام کے دفاع کے لئے بدستور ڈھال بنی رہیں گی۔

- صہیونی دشمن جنگ بندی کے سمجھوتے کی مکمل پابندی نہیں کر رہا ہے، چنانچہ خطرہ ہے کہ سمھجوتہ ٹوٹ جائے، اور ہم نے ثالثوں کو اس مسئلے کی اطلاع دی ہے۔

- اسرائیلیوں نے جنگ بندی کے نکات کے سلسلے میں خلاف ورزياں کی ہیں، کچھ خلاف ورزیاں روز جمعہ کو ہوئی تھیں اور کچھ روز ہفتہ کو۔

- القسام بریگیڈز نے صہیونی قیدیوں کی دوسری کھیپ کی رہائی ملتوی کر دی ہے، اور ہم رابطے کر رہے ہیں کہ ان خلاف ورزیوں پر غور کیا جائے اور انہیں روک دیا جائے۔

- صہیونیوں غاصبوں کی خلاف ورزیاں فلسطینیوں پر حملوں اور غزہ میں امدادی سامان کے ٹرکوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے سے عبارت ہیں۔

- ہم غزہ کے انتظام و انصرام کے حوالے سے کسی بھی بیرونی قوت کی مداخلت کی شدید مخالفت کا اعلان کرتے ہیں؛ غزہ ہمیشہ کے لئے فلسطینی رہے گا، اور ہمارے عوام ہی ہیں جو اپنے مقدرات اور مستقبل کا فیصلہ کرتے ہیں۔

- دنیا دیکھ رہی ہے کہ اہلیان غزہ اپنے گھروں میں واپس آ رہے ہیں اور یہ اس عظیم کارنامے کا تسلسل ہے جو ہمارے بہادر سورماؤں نے رقم کیا۔

- غزہ کے خلاف بہیمانہ جرائم کی ذمہ داری بائیڈن انتظامیہ اور صہیونی دشمن پر عائد ہوتی ہے۔

- بلا شبہ اسپتالوں اور اسپتالوں کے سازوسامان کا انتہدام انسانیت کے خلاف جرم ہے، اور ہم دنیا کے ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ کی حمایت میں اضافہ کریں۔

- ہم دنیا کے ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ میں غاصب صہیونیوں کے ہاتھوں اسپتالوں کی تباہی اور طبی عملے کے قتل عام کی مذمت کریں۔

- امت مسلمہ اور عرب ممالک سے چاہتے ہیں کہ غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل کے لئے  ہوائی پل (Airbridges) قائم کرے۔

- ہم جنگی جرائم کے ارتکاب پر غاصب صہیونی دشمن کے سرغنوں پر بین الاقوامی عدالتوں میں مقدمہ چلانے کے لئے عالمی سطح پر ہونے والی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

- ہم بین الاقوامی سطح پر غزہ کے عوام کی حمایت پر مبنی موقف اور اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عراقی، لبنانی، اور یمنی مقاومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اسامہ حمدان نے مزید کہا:

- غاصب صہیونی ریاست امدادی سامان لانے والے ٹرکوں کو شمالی غزہ کے علاقوں میں نہیں آنے دی رہی ہے۔

- ابتدائی تخمینوں کے برعکس صرف 97 ٹرک رفح گذرگاہ سے گذر سکے ہیں، لیکن صہیونی غاصبین شمالی غزہ میں انسانی بنیادوں پر امدادی سامان لانے والے ٹرکوں کے داخلے میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

- صہیونی دشمن جاسوس ڈرون طیاروں کی پرواز بند کرنے کے عہد کا پابند نہیں ہے اور سمجھوتے کی اس خلاف ورزی کی ذمہ داری بھی دشمن پر ہی عائد ہوتی ہے۔

 

اسامہ حمدان نے کہا: اگر دشمن پھر بھی جارحیت کا آغاز کرنا چاہیں تو ہم انہیں سینکڑوں فوجیوں کی ہلاکت اور سینکڑوں ٹینکوں اور فوجی گاڑیوں کی تباہی یاد دلاتے ہیں بے شک ناجائز صہیونی ریاست جانے والی ہے اور اس سرزمین میں اس کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ وہ طاقت کا سہارا لے کر اپنے قیدیوں کو رہا نہیں کروا سکتی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110