اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : فاران تجزیاتی ویب گاہ
پیر

20 نومبر 2023

6:58:23 AM
1413335

طوفان الاقصیٰ؛

طوفان الاقصیٰ کا چوالیسواں دن| غزہ پر مسلط کردہ صہیونی-مغربی جنگ اور مجاہدین کی استقامت جاری ہے/ شہداء کی تعداد 13000 سے تجاوز کر گئی

غزہ پر غاصب صہیونی ریاست کی مسلط کردہ جنگ کے چوالیسویں دن بھی صہیونیوں نے رہائشی علاقوں اور عوام کے اکٹھے ہونے کے مقامات، اسکولوں اور اسپتالوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا

غاصب ریاست نے غزہ پر اندھادھند بمباریوں میں 5000 سے زائد بچوں اور 3155 خواتین سمیت 13000 سے زائد فلسطینیوں کو شہید اور 32000 افراد کو زخمی کر دیا ہے، جبکہ 3750 فلسطینی بمباریوں میں تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے مدفون ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔  

غاصب ریاست غزہ کی طرف آنے والی امداد کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے جس کی وجہ سے غزہ کی انسانی صورت حال نازک ہے۔

فلسطینی مقاومت کے مجاہدین نے غاصب صہیونیوں کے مسلسل جرائم جیسے فلسطینیوں کے قتل عام، مسجد الاقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی اور اس کے محافظوں پر حملوں، نیز فلسطینی آبادیوں پر زمین چور یہودیوں کی بستیوں کے نوآباد مکینوں کے حملوں کے جواب میں، سینیچر 7 اکتوبر 2023ع‍ کو طوفان الاقصیٰ کے عنوان سے کاروائی کا آغاز کرکے 5000 میزائل بیک وقت فائر کرکے غاصب ریاست کے فوجی اڈوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور اسے ایسی تاریخی شکست سے دوچار کیا کہ جس کی تلافی کسی صورت میں بھی ممکن نہیں ہے۔

غاصب ریاست میدان میں ہارنے کے بعد انتقامی کاروائیوں پر اتر آئی اور غزہ کے نہتے عام کی نسل کُشی کا آغاز کیا، غزہ کا پانی بند کیا اور بجلی منقطع کر دی، اور رہائشی علاقوں، اسپتالوں، اسکولوں، گرجا گھروں اور پناہ گاہوں پر بمباری کی اور مسلسل جنگی جرائم اور ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال کا سلسلہ جاری رکھا۔

  لمحہ بہ لمحہ قدم بہ قدم طوفان الاقصٰی کے چوالیسویں دن کے واقعات کے ساتھ:

 23:10| غزہ پر غاصب صہیونی بمباریوں کے آغاز سے لے کر اب تک 5500 بچوں سمیت 13000 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

22:54| حماس کے راہنما اسامہ حمدان: غاصب صہیونی دشمن نے غزہ میں ـ اپنے جرائم چھپانے کے لئے ـ 60 نامہ نگاروں کو قتل کر دیا ہے۔۔۔ اسلامی مقاومت تحریک حماس اور دوسری مقاومتی تنظیمیں مجرم صہیونیوں پر حملے سے شرمندہ نہيں ہیں۔

22:36| انصاراللہ یمن کے راہنما محمد البخیتی: ہم نے بحریہ سمیت اپنی افواج کی صلاحیتوں کو ترقی دی ہے / صہیونی دشمن کے لئے دردناک منصوبے بنا چکے ہیں۔۔۔ یمن نے ثابت کرکے دکھایا ہے کہ عرب ممالک میں سب سے زیادہ، صہیونی دشمن کے ساتھ دو دو ہاتھ کرنے کا خواہاں ہے۔۔۔ ہم فلسطینیوں کے خلاف صہیونی جرائم پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ ہم سب سے کہتے ہیں کہ صہیونی دشمن کے لئے دردناک منصوبے رکھتے ہیں۔  

22:09| العالم: غاصب صہیونیوں نے غزہ کے بیشتر حصوں کو تباہ کر دیا ہے اور بے گھر افراد کو شدید سردی میں، خیموں میں جینا پڑ رہا ہے، جب ان کے پاس مناسب لباس اور کمبلوں کی شدید قلت ہے۔

21:33| العالم: غاصب صہیونیی طیاروں نے جنوبی لبنان میں ایک لبنانی شہری کی کار کو نشانہ بنایا، لیکن لبنانی شہری اور ان کا بیٹا ـ جو کار سے باہر تھے ـ بال بال بچ گئے۔

21:32| آج [سینیچر [19 نومبر 2023ع‍] کی صبح کو النصیرات میں شہید ہونے والے بچوں سے اہل خانہ کا وداع، جبکہ صہیونی حملے شدت کے ساتھ جاری ہیں۔

21:29| العالم: یمن کے دارالحکومت صنعاء میں غزہ کے لئے طبی امداد کی فراہمی کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد۔

21:05| فلسطینی ذرائع: جبالیا کیمپ کے ایک گھر پر غاصب صہیونیوں کی بمباری کے نتیجے میں 18 فلسطینی شہید۔

21:04| صنعاء میں تعینات العالم کے نامہ نگار: اسرائیلی بحری جہاز کی ضبطی سید عبدالملک بدرالدین الحوثی کے کلام کی عملی ترجمانی ہے۔

20:15| یمنی فوجی ترجمان بریگیڈیئر یحییٰ سریع: ہماری بحریہ نے ایک صہیونی بحری جہاز پر قبضہ کرکے اسے ساحل کی طرف منتقل کیا / صہیونی جنگی جہاز ہمارے لئے جائز فوجی اہداف ہیں / ہم اپنے قائد سید بدرالدین الحوثی کے حکم پر فلسطینی عوام کے حوالے سے اپنے دینی اور اخلاقی فرائض پر عمل کر رہے ہیں۔

- ہم تمام صہیونی بحری جہازوں اور صہیونی کے حامی ممالک کے جہآزوں کو خبردار کرتے ہیں کہ آج کے بعد وہ سب یمنی مسلح افواج کا جائز فوجی نشانہ سمجھے جاتے ہیں۔

19:16| حماس کی عسکری شاخ "القسام بریگیڈز" نے اپنی تازہ کاروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا: ہمارے مجاہدین نے جحرالدیک کی ایک عمارت میں چھپے ہوئے صہیونی فوجیوں کو TBG راکٹوں اور نفری کو نشانہ بنانے کے لئے مناسب راکٹوں سے نشانہ بنایا۔

19:04| صہیونی اخبار، ہاآرتص: انصار اللہ یمن کا زیر قبضہ بحری جہاز اسرائیلی تاجر رامی انگر کی ملکیت ہے۔ قبل ازیں صہیونی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ اس جہاز کا اسرائیل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بعض صہیونی ذرائع کا کہنا ہے کہ یمن نے کئی ارب ڈالر کی غنیمت حاصل کی ہے۔ یہ جہاز ترکی سے سامان لادنے کے بعد بھارت جا رہا تھا!

19:03| یمنی راہنما محمد البخیتی نے صہیونی جہاز پر قبضہ کرنے کے حوالے سے کہا: ہم دشمن کے جواب سے نہیں بلکہ اللہ کے عذاب سے ڈرتے ہیں، جو غزہ کے عوام کی مدد نہ کرکے ہم پر اتر سکتا ہے۔

19:01| پاکستان میں لاکھوں افراد کا مظاہرہ، غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غاصب ریاست کی مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔

18:57| غزہ جرنلزم ہاؤس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سربراہ بلال جاد اللہ غزہ پر غاصب صہیونیوں کے حملوں میں شہید ہو گئے۔

18:48| نیتن یاہو گویا خواب و خیال میں "ایران" "ایران" کا ورد کرتا ہے، چنانچہ یمن نے صہیونی جہاز پر قبضہ کیا تو نیتن یاہو کے دفتر نے پھر بھی بے بنیاد دعوؤں کا سہارا لیا اور کہا: بحر احمر میں اسرائیلی جہاز پر قبضے میں ایران کا ہاتھ ہے!

17:09| یمنی فوجی ترجمان بریگیڈیئر یحییٰ سریع نے کہا کہ یمن کی بحریہ نے ایک اسرائیلی بحری جہاز گلیکسی لیڈر پر قبضہ کر لیا ہے۔ تفصیلات بعد میں شائع ہونگی۔۔۔ یمن کے مقامی ذرائع نے اس واقعے کی تصدیق کر دی۔

16:25| حزب اللہ لبنان: ہمارے مجاہدین نے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں جل العلام صہیونی چھاؤنی اور اس کے اطراف پر میزائل اور توپوں کے گولے برسائے ہیں۔ ادھر غاصب ریاست کے ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنانی سرحد کے قریب تعینات اسرائیلی فوجی فوجی نفری لبنان سے بکتر شکن راکٹوں اور مارٹر گولوں کا نشانہ بنی ہے۔

15:57| العالم: غاصب صہیونی غزہ میں قتل عام اور مزيد جنگی جرائم کا ارتکاب کرکے اپنی عسکری شکست کو چھپانا چاہتے ہیں۔

15:53| لبنانی ذرائع: غاصب صہیونی فوج نے جنوبی لبنان میں الجبین اور طیر حرفا کے علاقوں پر گولہ باری کی ہے۔

15:26| فلسینی ہلال احمر نے تصدیق کی ہے کہ 31 نوزائیدہ بچوں کو عالمی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کوارڈینیشن آفس کے تعاون سے علاج معالجے کے لئے، ایمبولینس کے ذریعے الشفاء اسپتال سے نکال کر رفح میں امارات اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ الشفاء اسپتال پر صہیونیوں کا قبضہ ہے۔

14:41| رہبر انقلاب اسلامی، امام خامنہ ای: مسلم ممالک کو غاصب صہیونی ریاست کی شریان حیات منقطع کرنا چاہئے۔۔۔ صہیونی اپنے آپ کو برتر نسل اور باقی انسانوں کو پست سمجھتے ہیں اسی وجہ سے وہ کئی ہزار بچوں کو پچھتائے بغیر قتل کر چکے ہیں۔۔۔ امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور فرانس اس نسل پرستی کی حمایت کرتے ہیں۔۔۔ غزہ کے واقعات نے خفیہ حقائق کو دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ہے جن میں سے ایک حقیقت یہ ہے کہ مغربی ممالک کے حکمران نسلی امتیاز کے حامی ہیں۔

14:31| غاصب صہیونی فوجی مسجد الاقصیٰ میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی لگا چکے ہیں چنانچہ

مسلمانوں کا قبلۂ اول آج [سینیچر 19 نومبر 2023ع‍] بوقت ظہر نمازیوں سے خالی رہا۔

14:18| فلسطین الیوم: غاصب صہیونیوں نے غزہ کے شمال میں اپنے دو افسروں "یاکیر بیطون، رانی طحان" اور ایک سپاہی "خان یاہلوم" کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ صہیونیوں نے کہا ہے کہ طوفان الاقصی کے آغاز سے لے کر اب تک ان کے 383 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں! غیر جانبدار ذرائع کے مطابق صہیونی ہلاکتوں کی تعداد کئی گنا زیادہ ہے۔

14:15| لندن کے قلب میں ہزاروں برطانویوں کا اجتماع غزہ کے سلسلے میں انسانی حقوق کے قوانین کو لاگو کیا جائے۔۔۔ کیا ہے کوئی سننے والا کان؟

13:57| صہیونی فوجی قبرستان کا گورکن: ہم ہر 90 منٹ میں ایک تدفین کا حکم وصول کرتے ہیں اور گذشتہ 48 گھنٹوں میں ہمیں 50 فوجی دفن کر دیئے۔

13:48| امریکی باسکٹ بال اسٹار کیری ارونگ (Kyrie Irving) نے مقابلے میں شرکت کرنے کے بعد فلسطینی کیفیہ سر پر ڈال کر غزہ کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

13:23| صہیونی فوجی ریڈیو: 75 فیصد سے زیادہ فلسطینی جبالیا کیمپ میں اپنے گھروں سے نہيں نکلے ہیں جس کی وجہ سے زمینی پیشقدمی میں مشکل پیش آ رہی ہے۔

13:18| ترک صدر رجب اردوگان کی جرمن نامہ نگار کے جواب میں "سنگین دھمکی؟": ہمیں دھمکی مت دو، ہمیں تمہارے طیاروں کی ضرورت نہیں ہے!!!

12:53| ہلال احمر، فلسطین: غاصب صہیونی ریاست تمام طبی مراکز کو جائز فوجی ہدف سمجھتی ہے، اور ان کی تباہی کو اپنا فرض۔

12:51| کینیڈا میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عنوان سے مظاہرہ۔

12:49| القدس بریگیڈز: ہم نے الشاطیء کیمپ کے مشرق میں صہیوں کا ایک ٹینک تباہ کر دیا۔

12:37| صہیونی غاصب غزہ میں تعینات نامہ نگاروں کو دھمکی آمیز پیغامات بھیج رہے ہیں۔ اب تک 60 نامہ نگار صہیونیوں کے ہاتھوں شہید ہو گئے ہیں۔

12:24| غاصب صہیونیوں کے حملوں میں شہید ہونے والے55 شہداء کو خان یونس کے الناصر اسپتال میں منتقل کیا گیا۔ جن میں 25 خواتین اور 8 بچے شامل ہیں۔ 64 خواتین اور 18 بچے زخمی ہوگئے۔

12:18| جرمن دارالحکومت برلن میں مظاہرے، فلسطین کی حمایت اور غزہ میں صہیونی جرائم کی مذمت۔

12:12| دہشت گرد صہیونی ریاست کا دہشت گرد ترین وزیر ایتمار بن گویر: ہم پارلیمان میں فلسطینی اسیروں کو سزائے موت دینے کا قانون لا رہے ہیں۔

11:57| غزہ میں بہت سارے خاندانوں کو یکجا دفنایا جاتا ہے، وہ اپنے پیچھے کوئی سوگوار نہيں چھوڑتے!

11:24| تل ابیب میں صہیونیوں کا جنگ کے خلاف مظاہرہ، پولیس کے ساتھ جھڑپیں۔

11:14| سیدہ زینب بنت علی (سلام اللہ علیہا) کے یوم ولادت اور نرسنگ ڈے کے موقع پر تہران کے ولی عصر(عج) اسکوائر پر وال پینٹنگ بعنوان "غزہ کی نرسوں نے صبر کو با معنی بنایا"۔

10:21| غزہ کے المعمدانی اسپتال کے اطراف میں شدید فائرنگ؛ غاصب صہیونی فلسطینیوں کو نقل مکانی پر مجبور کرنے کے لئے گنجان آباد علاقوں پر بمباری کرتے ہیں۔

10:13| حزب اللہ نے مقبوضہ المنارہ میں صہیونی فوجی نفری کو نشانہ بنایا۔

10:06| فلسطین الیوم: مشرقی غزہ کے محلہ الزیتون میں مجاہدین اور صہیوی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں۔

09:50| فلسطین الیوم: گذشتہ چند گھنٹوں میں غاصب صہیونیوں کی بمباری سے خان یونس میں 80 فلسطینی شہید۔

09:48| العالم : غاصب ریاست کی معاشی صورت حال: ہر روز ایک کروڑ ڈالر جنگ کے اخراجات، سیاحتی شعبہ مکمل بند / بہت ساری صنعتیں اور کارخانے بند۔

09:16| ذرائع: غاصب صہیونیوں نے مغربی کنارے کے بلاطہ کیمپ میں گھس کر 50 گھروں کی تلاشی لی۔

08:46| النصیرات کیمپ اور البریج پر غاصب صہیونی ریاست کی بمباری ميں 31 فلسطینی شہید۔

08:50| غاصب صہیونیوں کے حملے میں بلاطہ کیمپ کو آگ لگ گئی تو صہیونیوں نے فائر بریگیڈ کو آگے بجھانے کی اجازت نہیں دی۔

08:43| فلسطین الیوم: غاصب صہیونی فوج نے فلسطینی صحافی ناصر الشریف کو ان کے گھر سے گرفتار کر لیا۔

08:31| سعودی وزیر خارجہ نے یورپی اتحاد کے خارجہ امور کے عہدیدار سے کہا: ہم غزہ میں فوری جنگ بندی کے خواہاں ہیں۔

08:15| جبالیا کیمپ پر غاصب صہیونیوں کے حملے جاری رہے، مسجد الامین محمد (ص) اور آس پاس کے گھروں پر گولہ باری؛ کئی افراد زخمی ہو گئے۔

08:05| صہیونی ذرائع: دو اسرائیلی فوجی غزہ کے شمال میں ہلاک ہو گئے۔

07:51| مغربی کنارے کے جنین کیمپ میں گھسنے والا صہیونی فوجی بلڈوزر تباہ ہوگیا۔

07:47| محمود عباس: بائیڈن ملت انسانی المیہ اور فلسطینیوں کی نسل کُشی روکنے کے لئے مداخلت کرے! [گویا کہ بائیڈن اس نسل کشی میں ملوث ہی نہیں ہے!]

07:31| ایک فلسطینی گھرانے نے غاصب صہیونیوں کی بمباری میں اپنے گھر کی تباہی کے بعد، گھر کے ویرانہ پر خیمہ لگایا۔ فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی صہیونیوں کا ڈراؤنی خواب۔

07:30| غاصب صہیونی فوجیوں نے جنین میں یادگار شہداء کو منہدم کر دیا۔

07:24| وائٹ ہاؤس نے غاصب صہیونی ریاست اور حماس کے درمیان سمجھوتے کی تردید کی اور ترجمان نے کہا: "ہم کسی سمجھوتے پر نہیں پہنچے ہیں"۔ [امریکی حکومت ہے یہ یا کہ صہیونیوں کی وزارت خارجہ؟!]

07:19| قدس چینل کے نامہ نگار ساری منصور البریج پر صہیونی بمباری میں شہید۔

07:13| سات اکتوبر سے اب تک غاصب صہیونی ریاست کے بہیمانہ جرائم کے تسلسل میں اب تک فلسطینی ڈاکٹروں اور طبی عملے میں سے 198 افراد شہید ہوگئے ہیں۔ 36 اسپتالوں میں سے 25 بند اور کئی اسپتال غاصبوں کی بمباری کا نشانہ بن کر جزوی یا کلی طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔

06:00| ایلن مسک (Elon Reeve Musk): یہودی بعض معاشرتی گروپوں کے خلاف نفرت پھیلانے میں مصروف ہیں، اور دنیا والوں سے کہتے ہیں کہ ان سے نفرت نہ کریں۔

04:54| عالمی ادارہ صحت: غزہ میں فوری جنگ بندی چاہتے ہیں۔

03:55| صہیونی اخبار ہاآرتص: سات اکتوبر کو طوفان الاقصی کاروائی شروع ہونے کے فورا بعد، ایک اسرائیلی جنگی ہیلی کاپٹر نے صحرائی علاقے میں ایک میوزک فیسٹیول کے یہودی نوآبادکار اسرائیلوں کا قتل عام کیا ہے۔

03:02| حماس کے راہنما اسماعیل ہنیہ نے عرب-اسلامی ممالک کی سربراہ کمیٹی کے فوری اجلاس کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔

00:22| اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے الفاخورہ اسکول پر جنونی صہیونیوں کی بمباری کی مذمت کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110