اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
پیر

30 اکتوبر 2023

6:42:32 PM
1406863

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے نام خط

جو کچھ غزہ کے بڑے جیل خانے میں ہو رہا ہے، اس کا نشانہ انسان اور انسانیت ہے ۔۔۔ چانسلر ادیان و مساجد یونیورسٹی

ادیان و مساجد یونیورسٹی کے چانسلر نے  غزہ پر غاصب صہیونی ریاست کے حملوں، اور اس سرزمین کی خواتین، بچوں اور نہتے عوام کے قتل عام پر، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے نام خط میں غزہ نشینوں کی انسانی عزت و حرمت کی حفاظت  اور صہیونی ریاست کے مظالم روکنے پر تاکید کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق ادیان و مساجد یونیورسٹی کے چانسلر اور عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کی شورائے عالی کے رکن حجت الاسلام و المسلمین نواب نے  غزہ پر غاصب صہیونی ریاست کے حملوں، اور اس سرزمین کی خواتین، بچوں اور نہتے عوام کے قتل عام پر، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے نام خط میں غزہ نشینوں کی انسانی عزت و حرمت کی حفاظت  اور صہیونی ریاست کے مظالم روکنے پر تاکید کی۔

 سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے نام ادیان و مذاہب یونیورسٹی کے چانسلر حجت الاسلام و المسلمین سید ابوالحسن نواب کے خط کا متن، حسب ذیل ہے:

 

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

عزت مآب انتونیو گوٹیرش

احترام اور تسلیمات

انسانی عزت و وقات، اور جان و مال اور آبرو کی حرمت پر تمام ادیان و مذاہب، فلسفی نظامات اور اخلاقی مکاتب کا اتفاق ہے۔ تاہم الٰہی مذاہب، دوسرے نظامات سے کہیں زیادہ، اللہ کی اس مخلوق کی تکریم پر زور دیتے ہیں جس میں خدا کی روح پھونکی گئی ہے، یہاں تک کہ کہا جا سکتا ہے کہ ادیان و مذاہب انسان کی خدمت کے لئے نازل ہوئے ہیں۔

جو کچھ ان دنوں غزہ کے بڑے جیل خانے میں وقوع پذیر ہو رہا ہے، اس کا نشانہ عربوں اور مسلمانوں سے زیادہ، انسان اور انسانیت ہے۔ جو تلخیاں اور رنج و مصائب غزہ کے عوام کو جھیلنا پڑ رہے ہیں، تہذیب کی دعویدار دنیا کو اس عظیم چیلنج سے دوچار کیا ہے کہ وہ سیاسی مفادات اور دینی و انسانی اقدار کے درمیان کس چیز کو اہمیت دیتی ہے۔ 

ہم ایک بڑے دینی اور جامعاتی مجموعے کے طور پر، غزہ کے ستم رسیدہ عوام کی حمایت کے سلسلے میں آپ جناب کے حکمت آمیز موقف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے استدعا کرتے ہیں کہ غزہ کے عوام نیز دنیا بھر کے رنج کشیدہ انسانوں کے لئے دعا کرتے ہوئے، اپنی اخلاقی طاقت اور اثر و رسوخ کو بروئے کار لاتے ہوئے، حکومتوں اور اقوام کو غزہ کے باسیوں کی عزت و حرمت کا تحفظ کرنے، اور اسرائیل کی صہیونی ریاست کے ظلم کا تسلسل روکنے پر کی ترغیب دلائیں۔

 

خدائے متعال سے آن جناب کی صحت و سلامتی اور عزت و احترام کی دعا کرتا ہوں۔

 

چانسلر ادیان و مذاہب یونیورسٹی

سید ابوالحسن نواب

۔۔۔۔۔۔۔۔

110