اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
پیر

9 اکتوبر 2023

1:52:52 PM
1399273

طوفان الاقصٰی؛

صہیونی ریاست کے خلاف حماس کی کاروائی "طوفان الاقصٰی" 9 امریکیوں کی ہلاکت کی تصدیق

ذرائع کے مطابق، مقبوضہ فلسطینی میں امریکی سفارتخانے نے صہیونی ریاست پر حرکۃ المقاومۃ الاسلامیہ "حماس" کی کاروائی "طوفان الاقصٰی" کے نتیجے میں 9 امریکیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

اہل بیت(ع) بین الاقوامی نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، صہیونی ویب گاہ "عروتص شوع" نے رپورٹ دی ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں امریکی سفارتخانے نے سینیچیر کے روز صہیونی ریاست پر حماس کی کاروائی طوفان الاقصٰی کے نتیجے میں 9 امریکیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ لیکن سفارتخانے نے یہ نہیں کہا ہے کہ یہ افراد حملے کا نشانہ بننے والی فوجی چوکیوں میں کیا کر رہے تھے!

امریکی قومی سلامتی کونسل نے بھی قبل ازیں تصدیق کی تھی کہ کچھ امریکی شہری مقبوضہ علاقوں پر حماس کے حملوں میں مارے گئے ہیں۔

این بی سی نیوز کے مطابق، امریکی قومی سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ "ہم اسرائیل پر ہونے والے حملوں میں کچھ امریکی باشندوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہیں"۔

ادھر امریکی کانگریس کے ایک قریبی ذریعے نے کہا کہ اس نے کانگریس کے نمائندوں سے کہا ہے کہ چار امریکی سینیچر کے دن، اسرائیل پر حماس کے حملے میں مارے گئے ہیں اور توقع کی جاتی ہے کہ امریکی ہلاکت شدگان کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

قبل ازیں واشنگٹن میں صہیونی سفیر مائیکل ہرزوگ نے اتوار کے روز سی بی ایس چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حماس تحریک نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر حملے کے دوران کئی امریکیوں کو بھی قید کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلامی مقاومت تحریک حماس نے سینیچر کے روز 7 اکتوبر 2023ع‍ کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر طوفان الاقصٰی کے عنوان سے اپنی ہمہ جہت کاروائی کا آغاز کیا جس کے نتیجے میں اب تک 1000 سے زائد صہیونی غاصب ہلاک، ہزاروں زخمی ہوئے ہیں، سینکڑوں لاپتہ ہیں اور سینکڑوں دیگر قیدی بنائے جا چکے ہیں اور دوسری طرف سے صہیونیوں کی اندھادھند فضائی بمباریوں میں 100 خواتین اور بچوں سمیت تقریبا 400 سے زائد نہتے فلسطینی شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110