اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : اسلام ٹائمز
جمعہ

6 مئی 2022

5:35:51 PM
1255122

اسرائیلی صیہونی دہشتگردی دراصل عالم اسلام پر حملہ ہے، عبدالحق ہاشمی

عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ اسرائیل امریکی سرپرستی میں دہشت گردی کر رہا ہے۔ کفار کی ان سازشوں کے خلاف امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امت کے مسائل کے ذمہ دار بے حس مسلم حکمران اور امریکی غلامی ہے۔ مسلم مملکتوں کے وسائل کفار ہڑپ رہے ہیں جبکہ بدعنوانی، سودی معیشت، سودی قرضے مزید ناسور ہیں۔ پاکستان کے مسائل کا حل بھی اسلامی نظام، دیانت دار حکمران اور اسلامی معیشت ہے۔ جماعت اسلامی اسلامی، پاکستان کے قیام، امریکی غلامی اور سودی معیشت سے نجات کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی امت مسلمہ کو دین دار اور غیرت مند مسلم حکمرانوں کی ضرورت ہے، تاکہ مسلم سرزمین اور مسلم وسائل کو کفار سے واگزار کروایا جائے۔ پاکستانی نااہل بدعنوان سیاستدانوں کی وجہ سے سیاست بدنام تھی۔ اب سیاست کیساتھ پاکستان و اسلام کو بھی بدنام کیا جا رہا ہے۔ اسرائیلی اور امریکی سازشوں کے خلاف منظم ہونے کی ضرورت ہے۔ ہم اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اسرائیلی صیہونی دہشت گردی دراصل عالم اسلام پر حملہ ہے۔ جس کا دفاع کرنا ہمارا دینی فریضہ ہے۔

عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ اسرائیل امریکی سرپرستی میں دہشت گردی کر رہا ہے۔ کفار کی ان سازشوں کے خلاف امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ یہود و ہنود کی سازشوں کو ناکام بنانے، مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کیلئے او آئی سی کو کردار اد اکرنا چاہیئے۔ آج کفار چاروں اطراف سے مسلمانوں بالخصوص پاکستان پر حملہ آور ہیں۔ امت مسلمہ کی وحدت ان کی نظروں میں کھٹکتی ہے۔ مسلم غیرت مند حکمرانوں اور حکومت پاکستان اس سارے معاملے کو بھرپور قوت کے ساتھ عالمی سطح پر اٹھائے۔ سفارتی تعلقات کو استعمال کیا جائے۔ محض قراردادوں کا پاس ہونا کافی نہیں۔ ان سے آگے بڑھ کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مسلم سرزمین، مسلم وسائل ہڑپ کر رہے ہیں۔ سودی قرضے دے کر مسلم مملکتوں کو غلام بنایا گیا ہے۔ جب تک مسلمان متحد نہیں ہوںگے اور مسلمانوں کے حکمران غیرت مند، مسلمانوں کے دکھ درد والے نہیں ہونگے، اس وقت تک تبدیلی ممکن نہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242