اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
اتوار

1 مئی 2022

5:36:28 PM
1253766

یکم مئی کو چھٹی کرنے یا مزدوروں کے حق میں بیانات دینے سے مزدوروں کا حق ادا نہیں ہوتا: راجہ ناصر

وطن عزیز کی معاشی بدحالی نے مزدور طبقے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ مہنگائی کی شرح میں تسلسل کے ساتھ اضافے سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے محض یکم مئی کی سرکاری چھٹی کے اعلان یا مزدوروں کے حق میں حکومتی بیانات سے اس پسے ہوئے طبقے کی مشکلات کم نہیں ہوں گی بلکہ اس کے لیے انقلابی اور فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔ وطن عزیز کی معاشی بدحالی نے مزدور طبقے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ مہنگائی کی شرح میں تسلسل کے ساتھ اضافے سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔معاشی مشکلات سے تنگ دیہاڑی دار طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی خودسوزی جیسے المناک واقعات آئے دن سننے کو مل رہے ہیں۔ایسی صورتحال میں حکومتی بے حسی افسوسناک ہے۔ریاست ماں کا کردار ادا کرتی ہوئی کہیں نظر نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ محض زبانی دعووں اور دلفریب وعدوں سے عوام کی قسمت بدلی نہیں جا سکتی۔اس کے لیے نیک نیتی، خلوص اور پوری لگن کے ساتھ عملی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ کم سے کم اجرت میں برائے نام اضافہ کر کے عوامی مقبولیت کے خواب دیکھنا عوام اور خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے مطابق جو عام آدمی کا گھریلو بجٹ بنتا ہے اس کے مطابق اجرت ہونی چاہئیے۔ حکومت سو یونٹ سے کم بجلی کے استعمال کو مفت قرار اور کھانے پینے کی اشیاء پر مستقل ریلیف پیکج دے کر مزدور طبقے کی مشکلات میں خاطر خواہ کمی کر سکتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242