اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
جمعرات

28 اپریل 2022

4:53:31 PM
1252735

قرآن کریم سر چشمہ ہدایت ,درود اتحاد اُمت کا مظہر ہے، علامہ شبیر میثمی

کانفرنس سے مفتی حسیب نذیری، علامہ انیس الحسنین، مولانا محمود احمد تبسم، پیر سعید نقشبندی، سید اظہار بخاری، قاری علی اکبر نعیمی، علامہ سجاد ہمدانی، زاہد علی آخونزادہ، و دیگر نے خطاب کیا.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ قرآن کریم فرقان حمید سرچشمہ ہدایت ہے اور درود شریف قلوب کی بالیدگی اور اتحاد امت کا مظہر ہے۔ اسلام آباد ہوٹل میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے زیر انتظام منعقدہ "عظمت قرآن و درود کانفرنس" سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا کہ اصول دین میں تبدیلی کی گنجائش نہیں ہے کیونکہ احکامات الہیہ پر من عن عمل پیرا ہونا مومن کی پہچان اور نجات کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کا جس طرح قرآن کریم پر لاریب ایمان ہے اسی طرح مسنون درود پر بھی کوئی اختلاف نہیں لہذا ایسی مذموم کوششیں جو امت میں نفاق کا ذریعہ بنے اس کو متحد ہو کر ناکام بنانا امت مسلمہ کا فرض ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید افتخار حسین نقوی نے کہا کہ نماز میں درود مسنون ہے جیسے ترک نہیں کیا جا سکتا۔درود کے معاملے پر سابق حکومت نے نصاب تعیلم میں جو تبدیلی کی وہ مسلمانوں میں نفاق کا باعث بنی۔ انہوں نے کہا کہ ملک عزیز کی اتحاد امت کے لیے ناگزیر ہے کہ موجود حکومت اس معاملے پر اہل اسلام کے تحفظات دور کر کے امت میں افتراق و انتشار کو دور کرے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی گلزار نعیمی نے کہا کہ قرآن مکمل ضابطہ حیات ہے جس میں درود اہل محبت کا شعار بتایا گیا ہے۔ تاہم کچھ لوگ اہل محبت میں متفقہ علیہ امور کو چھیڑ کر افتراق پیدا کرنے کی کوششیں کر کے دین کو کمزور کرنا چاہتے ہیں جس کا اہل اسلام کے تمام جید فقہاءکو مل کر راستہ روکنا ہوگا۔

کانفرنس سے مفتی حسیب نذیری، علامہ انیس الحسنین، موالانا محمود احمد تبسم، پیر سعید نقشبندی، سید اظہار بخاری، قاری علی اکبر نعیمی، علامہ سجاد ہمدانی، زاہد علی آخونزادہ، علامہ سید جعفر نقوی، علامہ قاسم جعفری ل، سید جہانگیر شاہ سعیدی، قاری علی جعفر، قاری محمد اشفاق چشتی اور قاری انعام الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن مسلمانوں کو تقسیم کرنے پر تلا ہوا ہے ایسے حالات میں مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ اتحاد امت کو فروغ دے اور امت کی متفقہ علیہ امور کے خلاف مذموم کوششوں کو باہم متحد ہو کر ناکام بنائے۔ انہوں نے نصاب تعلیم سمیت درود و سلام کے معاملے پر اتحاد و اتفاق کا یونہی عملی مظاہرہ جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔"عظمتِ قرآن و درود کانفرنس" میں مختلف مسالک کے علما و مشائخ کے علاوہ سینئر صحافی، مذہبی و سماجی شخصیات ، دینی جماعتوں کے عہدیداران ، دینی مدارس کے سربراہان و اساتذہ، آئمہ جمعہ و جماعت اور مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے زعما و اکابرین نے بھی شرکت کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242