اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
جمعرات

28 اپریل 2022

4:53:27 PM
1252733

یوم القدس پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا: علامہ راجہ ناصر

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے حکیم الامت، بت شکن امام خمینی کے فرمان کے مطابق یوم القدس جمعہ کے روز پورے مذہبی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے حکیم الامت، بت شکن امام خمینی کے فرمان کے مطابق یوم القدس جمعہ کے روز پورے مذہبی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔دنیا بھر کے باضمیر اور غیرت مند مسلمان اسرائیل کے خلاف مزاحمتی کرداروں کی حمایت اور ظالموں کی مخالفت میں گھروں سے نکلیں گے۔امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کے ماننے والے ذلت کے راستے کو کبھی تسلیم نہیں کرتے۔ فلسطین میں حماس اورجہاد اسلامی کا کردار قابل تحسین ہے۔جو مسلم حکمران امریکہ کے خوف یا ذاتی مفاد کی لالچ میں اسرائیل کو تسلیم کر رہے ہیں وہ اسلام کے اصولوں اور آزادی حریت کے ساتھ غداری کا ارتکاب کر رہے ہیں۔اسرائیل کی کشتی میں سوراخ ہو چکا ہے جو کوئی اس پر سوار ہو گا ڈوبنا اس کا مقدر ہو گا۔ ملت تشیع کی چودہ سو سالہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے اس نے ہمیشہ مظلومین کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنی کمزور ترین دور سے گزر رہا ہے۔ اسرائیل نے بدامنی کو اپنی بقا کے لیے ہتھیار بنا رکھا ہے۔اسرائیل کی غاصب ریاست کو کبھی قبول نہیں کیا جائے گا۔فلسطین کے حوالے سے بانی پاکستان قائد اعظم کے فرمودات ہمارے لیے بہترین لائحہ عمل ہے۔یہ قائد اعظم کا پاکستان ہے اسے ضیائی پاکستان نہیں بننے دیں گے۔ فلسطین صرف فلسطین میں بسنے والوں کا ہے۔وہاں پر رائے شماری کے ذریعے عوام کی خواہشات کے مطابق فیصلہ کیا جانا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ہونے والے یوم القدس کے پرامن جلوسوں کو حکومت مکمل طور پر سیکورٹی فراہم کرے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242