اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان 27 رمضان 1366 ہجری کی شب کو آزاد ہوا تھا ۔ اس روحانی مناسبت کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے ملی یکجہتی کونسل ہر برس 27 رمضان کو یوم آزادی پاکستان اور یوم القدس کی مناسبت سے مناتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ثاقب اکبر نے یوم آزادی پاکستان و یوم القدس سیمینار کے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کیا ۔ ثاقب اکبر نے کہا کہ یہ سیمینار قاضی حسین احمد مرحوم کے دور سے منعقد ہو رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ چونکہ پوری دنیا میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے طور پر منایا جاتا ہے لہذا کونسل نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس مناسبت سے بھی سیمینارز اورریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ثاقب اکبر نے بتایا کہ 28 اپریل بروز جمعرات یوم آزادی پاکستان و یوم القدس سیمینار ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقد ہوگا ۔ اس سیمینار میں کونسل کے مرکزی اور صوبائی قائدین کی ایک بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
ثاقب اکبر نے بتایا کہ سیمینار میں چیئر مین پاکستان مسلم لیگ (ن)راجہ ظفر الحق مہمان خصوصی ہوں گے ۔ دیگر مقررین میں راجہ ناصر عباس جعفری سربراہ مجلس وحدت مسلمین، لیاقت بلوچ سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان ،علامہ عارف حسین واحدی نائب صدر اسلامی تحریک پاکستان ،سید ناصر عباس شیرازی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل ، عبد اللہ گل سربراہ تحریک جوانان پاکستان،پیر عبد الشکور نقشبندی مرکزی راہنما جمعیت علمائے اسلام سینئر،مفتی گلزار احمد نعیمی سربراہ جماعت اہل حرم شامل ہیں ۔ اس پروگرام میں کونسل کے مرکزی و صوبائی قائدین کے علاوہ عام شہریوں کی بڑی تعداد بھی شرکت کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
242