اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
پیر

14 فروری 2022

10:18:28 AM
1229400

ایران خطے کی سب سے بڑی طاقت / فلسطینی کاز کو اسلامی انقلاب نے زندہ کیا ۔۔۔ عراقی مقاومتی راہنما

عراقی مقاومتی راہنما عباس البیاتی نے کہا: ایران خطے کی سب بڑی طاقت ہے / اسلامی انقلاب نے فلسطینی کاز کو تنہائی سے نکال کر سیاست کے مرکز میں منتقل کرکے زندہ کیا / عراق کبھی بھی یہودی ریاست کے ساتھ تعلقات بحال نہیں کرے گا / امام خمینی (قُدِّسَ سِرُّه) نے مسلم اقوام کو خود اعتمادی اور تشخص عطا کیا / کوئی معاملہ ایران کی شرکت کے بغیر حل نہیں ہو سکتا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراقی جماعت "حزب الدعوہ" کے ایک رہنما ناطق عباس حسن البیاتی [المعروف بہ حسن البیاتی] نے زور دے کر کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب نے فلسطینی کاز کو تنہائی سے نکال کر سیاست کے مرکز میں پلٹا دیا اور اسے قومی، سیاسی اور بین الاقوامی توجہات کا محور بنا دیا۔
عراق کی سیاسی اور انقلابی جماعت حزب الدعوۃ الاسلامیہ کے ایک راہنما جناب عباس البیاتی نے العالم نیوز چینل کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اسلامی انقلابی کی 43 بہار کے سلسلے میں مسلمانان عالم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا: اسلامی انقلاب کی کامیابی کے اثرات و ثمرات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس انقلاب نے اسلامی-عربی دنیا اور مشرق وسطیٰ کے خطے میں کتنی بڑی کامیابی حاصل کی ہیں اور کس قدر بڑی تبدیلیاں رقم کی ہیں۔
عباس البیاتی کے انٹرویو کے اہم نکات:
- اسلامی انقلاب کے ہاتھوں فلسطینی کاز کا احیاء
اسلامی انقلاب نے مسئلہ فلسطین کے احیاء اور فلسطینی کاز کو تنہائی سے نکال کر عالمی سیاست کے مرکز میں منتقل کیا؛ اور یہ اسلامی انقلاب نے ماہ رمضان کے آخری جمعے کو عالمی یوم القدس کے طور پر متعارف کرایا جبکہ اس سے پہلے ایسا کوئی دن وجود نہيں رکھتا تھا۔ دوئم یہ کہ تہران میں اسرائیلی سفارتخانہ فلسطینی سفارتخانے میں بدل دیا؛ اور سوئم یہ کہ فلسطین اور مقاومت (مزاحمت) کے بارے میں بات چیت اور تذکروں نے سنجیدگی شکل اختیار کی۔ قبل ازیں، مقاومت کے معطیات اور مندرجات سیکولر تھے اور اسلامی مقاومت کے نام کی کوئی چیز نہیں تھی؛ چنانچہ اسلامی مقاومت ایک ایسے مفہوم میں بدل گئی جس کا کوئی متبادل نہیں ہے اور اس نے - بالخصوص حالیہ ایام میں - اپنی منطق کو صہیونی دشمن نیز بین الاقوامی اور علاقائی قواعد پر مسلط کرلیا ہے۔ یہاں تک کہ غاصب اسرائیلی ریاست نے پہلی مرتبہ اقوام متحدہ کا دامن تھام لیا اور جنگ بندی کی اپیلی کرنے لگی۔ اسلامی انقلاب سے پہلے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے خطے اور عالمی برادری کا تعامل ایک طرف رسمی بات چیت پر مبنی تھا اور دوسری طرف پارینگی اور یکسانیت (Monotony) کا شکار ہوچکا تھا؛ اور پھر رفتہ رفتہ سیاسی راہداریوں اور شاہ نشینوں میں داخل ہؤا اور سیاسی سودے بازیوں کا شکار ہؤا تھا۔ اسلامی انقلاب کامیاب ہؤا تو اس مسئلے کو تازہ زندگی عطا کی اور فطری دھارے میں لوٹا دیا۔؛ کیونکہ یہ مسئلہ دنیا کے مسلمانوں اور حریت پسندوں کے ہاں کا مرکزی اور بنیادی مسئلہ ہے۔
خطے میں مغربی نظریات اور ثقافت کی دراندازی کی وجہ سے مسلمانوں کا تشخص زوال و انحطاط کا شکار ہوچکا تھا لیکن اسلامی انقلاب نے "اسلام پر فخر کرنے" کو ایک عقیدے، تشخص اور عظیم طاقت میں بدل دیا۔
انقلاب اسلامی کے جیو-پولیٹیکل (Geo-political) اثرات کی بہترین توصیف اس کے ہٹ دھرم ترین دشمن اور اس زمانے کے صہیونی وزیر جنگ موشے دایان نے بیان کی تھی اور کہا تھا: "اسلامی انقلاب ایک بھونچال ہے جس نے خطے پر لرزہ طاری کیا اور اس بھونچال کی کوئی انتہا نہیں ہے"۔
انقلاب اسلامی سے پہلے دنیا اور خطے کے ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات کے دو پہلو تھے: 1۔ تسلط پسند بڑی طاقتوں کے آگے ایران کی عدم خودمختاری؛ کیونکہ اس کا اپنا کوئی ارادہ نہیں تھا؛ 2۔ یہ ممالک اور خطے اور بالخصوص خلیج فارس کی بہت سی ریاستیں ایران اور شاہ کو ایک علاقائی تسلط پسند طاقت سمجھتی تھیں جو تمام قواعد کا تعین کرتے تھے۔
انقلاب اسلامی کے بعد، ایران ایک آزاد اور خودمختار ملک بن گیا جو اپنے قومی مفادات کے لئے کوشاں ہے۔ ایران نے دوسروں کی طرف بھی دوستی کا ہاتھ بڑھایا اور پڑوسی ممالک کی مدد کررہا ہے اور ان کے قومی مفادات اور سالمیت و خودمختاری کو احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
دشمن ممالک نے اسلامی جمہوریہ پر مسلط کردہ آٹھ سالہ جنگ میں صدامِ معدوم کی حمایت کی؛ خطے کے بعد ممالک نے اسلامی جمہوریہ کو گلے لگانے اور اس کے تعامل و تعاون کرنے کے بجائے، اس کے ساتھ حسد برتنے لگے اور اس کا محاصرہ کرلیا اور کھربوں ڈالر ایران کے خلاف سازشوں اور جنگ پر خرچ کئے؛ اور آج حالت یہ ہے کہ اسی دشمنانہ حاسدانہ رویئے نے ان کی اندرونی سلامتی تک کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
ان کا یہ رویہ ایک مثبت عنصر بننے کے بجائے ایک غیر تعمیری عنصر بن کر ابھرا؛ اس لئے کہ یہ ممالک اندرون خانہ افسوسناک سیاسی، معاشی اور سماجی صورت حال کی بنا پر اپنی قوموں کی بیداری اور آگہی سے خوفزدہ تھے اور انہیں ڈر تھا کہ ان کی مظلوم قومیں کہیں اپنی رائے پر استوار قومی حکومت کے قیام کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کو اپنے لئے مثال اور نمونہ نہ قرار دیں۔ خطے کے ممالک نے یہ الٹا موقف اسلامی بیداری سے خوف کی بنا پر اختیار کیا اور ساتھ ہی بڑی طاقتیں کہلانے والے ممالک بدستور فکرمند تھے کہ شاہ کے چلے جانے کی وجہ سے ان کے مفادات کو نقصان نہ پہنچے؛ چنانچہ ان کی کوشش تھی کہ خطے میں انقلاب کی کرنوں کے سامنے ایک ناقابل تسخیر رکاوٹ بننے کی کوشش کی۔
- ایران سب سے بڑی علاقائی طاقت ہے/ جس نے پابندیوں کو مواقع میں بدل دیا ہے
ان میں سے کچھ کا تصور یہ تھا کہ گویا انقلاب ایک عارضی کیفیت ہے جسے محاصرے میں لے کر ختم کیا جاسکتا ہے، لیکن آج 43 سال کے محاصرے اور پابندیوں کے بعد ایران سب سے بڑی علاقائی طاقت ہے جو درآمدی ہتھیاروں پر انحصار نہیں کرتا۔ اور سب سے بڑی سائنسی طاقت ہے جو اپنی ضرورت کی ہر چیز درآمد نہیں کرتا۔ ایران نے ناکہ بندی، محاصرے اور پابندیوں کو - اپنی عسکری اور دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور توسیع کے لئے - مناسب مواقع میں تبدیل کیا اور آج ایران دنیا کے ان معدودے چند ممالک میں سے جو ہلکے اور درمیانے ہتھیار درآمد نہیں کرتا اور عنقریب بھاری ہتھیاروں میں بھی خودکفیل ہونے والا ہے۔
- عراق کے بہت سے عوامی طبقات نے اسلامی انقلاب اثرات قبول کرلئے
عراق ایران کا ایسا ہمسایہ ملک ہے جس کی 1300 کلومیٹر سرحد اس ملک سے ملتی ہے اور ان کے درمیان تاریخی، سماجی، مذہبی اور ثقافتی و تہذيبی روابط برقرار ہیں چنانچہ عراق پہلا ملک تھا جس نے اسلامی انقلاب کے اثرات قبول کر لئے اور یہ اثرات عراق کے لئے خیر و برکت کا باعث بنے کیونکہ امام خمینی (قُدِّسَ سِرُّه) 14 سال کے طویل عرصے تک عراق میں قیام پذیر تھے، دوسرا سبب یہ تھا کہ مسلمانوں کے متعدد مقامات مقدسہ اور مشارف مطہرہ عراق میں ہیں اور تیسری بات یہ تھی کہ ایران اور عراق کے حوزات علمیہ انقلاب اسلامی کے حوالے سے فکری تعاملات میں جڑے ہوئے تھے اور یہ سارے اسباب و عوامل اثر گذار تھے، کیونکہ عراق کے شیعہ ہی نہیں بلکہ سنی کرد بھی اسلامی انقلاب سے آ ملے؛ چنانچہ عراق کے بہت سارے طبقات نے اسلامی انقلاب کے اثرات قبول کرلئے۔ عراق پر مسلط صدام کی بعث پارٹی کے حکمرانوں نے دیکھا کہ عراقی عوام اسلامی انقلاب کا پرتپاک خیرمقدم اور انقلاب اسلامی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں تو اس نے آتش و آہن کے ذریعے ہر اسلامی جذبے اور ہر مخالف آواز کو دبانے کی کوششیں شروع کیں یہاں تک کہ اس نے اسلامی جمہوریہ ایران پر طویل جنگ مسلط کر دی تاکہ ملک کے اندر سڑکوں پر آنے والے مخالف کو کچل دے اور توپوں اور ٹینکوں کی گھن گرج کے ذریعے سڑکوں پر موجود مخالفوں کی صدائیں خاموش کر دے۔
کسی بھی اسلامی اور مخالف آواز کو دبانے کی کوشش کی۔ چنانچہ ایران کے ساتھ ایرانیوں کا تعامل و تعاون بہت وسیع اور قوی تھا۔ اسی تعاون اور تعامل نے اسلامی بیداری کے اسباب فراہم کئے جسے ہم آج بڑے بڑے عناوین کے ساتھ دیکھ سکتے ہیں جیسے: الحشد الشعبی، اور اسلامی جماعتیں اور تحریکیں وغیرہ؛ جنہیں انقلاب اسلامی اور شہید سید محمد باقر الصدر کی تحریک نے پروان چڑھایا ہے۔
اسلامی تحریکیں آج پورے عالم اسلام میں اسلامی تحریکیں سرگرم عمل ہیں، جبکہ قبل ازیں مارکسسٹ، قوم پرست اور ملک پرست تحریکیں سرگرم عمل تھیں۔ آج اسلامی تحریکیں شمالی افریقہ میں طنجہ کے مقام سے لے کر انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ اور اس ملک کے دوسرے شہروں تک، بحیرہ عرب (Arabian Sea) سے بحیرۂ روم (Mediterranean Sea) تک اور بحیرہ قزوین (یا بحیرہ مازندران = Caspian Sea) سے بحر اوقیانوس (Atlantic Ocean) تک فعال اور سرگرم ہیں۔ چنانچہ یہ ایک قاعدہ رہا ہے کہ اسلامی تحریکیں اپنی تشکیل سے ہی قابض اور غاصب قوتوں اور استبداد و آمریت کے خلاف جدوجہد کا آغاز کرتی ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ اپنی ملوکوں کی حکمرانی اور قومی فیصلہ سازیوں میں اپنے اور اپنے منصوبوں کے لئے مناسب حیثیت و کردار کی گنجائش پیدا کریں۔
عراق میں آج اسلامی تحریکوں کی جڑیں بہت گہری اور مضبوط ہیں۔ یہ تحریکیں سنہ 2003ع‍ میں (عراق پر امریکی قبضے کے بعد) پیدا نہیں ہوئیں بلکہ اس سے بہت پہلے عراق میں موجود تھیں اور انھوں نے 2003ع‍ میں، ایک قومی پروگرام کے تحت، قومی سطح کے بعض شرکاء کے ساتھ مفاہمت اور اقتدار کا کچھ حصہ حاصل کرلیا اور یہ یہی اسلامی دھارا ملک کی آزادی اور خودمختاری اور اسرائیل کے اثر و نفوذ کے سد باب کا ضامن ہے، اور عراق کی ملکی سالمیت کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ چنانچہ اسلامی دھارے کی بقاء اس قوم اور عراقی عوام کے وجدان و ضمیر کی بقاء کی ضامن ہے۔ گوکہ اسلامی تحریکوں اور تنظیموں کو باہر سے بھی اور اندر سے بھی بعض رکاوٹوں کا سامنا ہے، لیکن انہیں کوئی بھی طاقت مٹا نہیں سکتی، اسلامی تفکر آج پورے عراق میں علمائے مجاہد، انقلابی راہنماؤں، انقلابی جماعتوں اور الحشد الشعبی کے ذریعے پوری عراق میں جاری سیاسی عمل کی قیادت کررہا ہے۔

- عراق کا سرکاری نقطہ نظر صہیونیوں کے ساتھ معمول پر آنے کے خلاف ہے / عراق معمول پر آنے کی راہ پر گامزن نہیں ہوگا
آج خطے کے بعض ممالک صہیونی غاصبوں کے ساتھ معمول پر آنے (Normalization یا تعلقات معمول پر لانے) کی سازشی دلدل میں دھنس گئے ہیں لیکن عراق اس لہر کے سامنے مزاحمت کررہا ہے کیونکہ قومی شعور اور ملّی ضمیر اسلامی ہوشیاری اور قومی بیداری کے دور سے گذر رہا ہے اور "صہیونیوں کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے" کا تصور اسے چونکا دیتا ہے کیونکہ عراق سنہ 1948، سنہ 1967 اور سنہ 1973ع‍ میں تین مرتبہ اس غاصب ریاست کے خلاف لڑ چکا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ کچھ خاص افراد مختلف کانفرنسوں میں اس سلسلے میں صہیونی تشہیری مہم کا حصہ بنیں لیکن عراق کا سرکاری نقطۂ نظر اور تمام جماعتوں اور تنظیموں کا مشترکہ سیاسی موقف یہودی ریاست کے ساتھ تعلقات کے قیام کی مخالفت پر استوار ہے۔ غاصب صہیونی دشمن کے ساتھ تعلقات قائم کرنے والے ممالک در حقیقت "ایک علاقائی اور بین الاقوامی پیشرفت" [محور مقاومت] کی پیشقدمی سے بچانا چاہتے تھے، جبکہ عراق اسی پیشرفت کا حصہ ہے چنانچہ یہ ملک نہ آج اور نہ ہی کل، سازباز کے اس ذلت و خفت راستے پر گامزن نہیں ہوگا۔
امام خمینی (قُدِّسَ سِرُّه) اور امام خامنہ ای (حفظہ اللہ تعالی)
- امام خمینی (قُدِّسَ سِرُّه) اپنی قوم کے ساتھ صادق تھے / آپ نے اسلامی امت کو خود اعتمادی اور تشخص کا تحفہ دیا
امام خمینی (قُدِّسَ سِرُّه) اپنے آپ اور اپنی قوم کے ساتھ صادق اور دیانت دار تھے اور جو شخص اپنے آپ اور اپنی قوم کے ساتھ دیانت دار ہوتا ہے وہ اپنے رب کے ساتھ بھی دیانت دار ہے اور خدا ہی اس کا مددگار ہوتا ہے؛ چنانچہ آپ کو جو فتح و نصرت حاصل ہوئی اس کا سبب امام کی یہی امتیازی خصوصیت تھی۔ یہ ایمانداری اور دیانتداری کا صلہ تھا جو اللہ نے آپ کو عطا کیا ورنہ تو یہ کسی معمول کی سیاسی سرگرمی کا ثمرہ نہ تھا۔ امام کے نزدیک آپ کا مشن بہت اہمیت رکھتا تھا یہ بہت اہم بات ہے کہ انسان اپنے مشن کی تکمیل کو اپنے اوپر فرض سمجھے اور اس کے لئے یہ اہم نہ ہو کہ اپنے مشن میں کامیاب بھی ہوتا ہے یا نہیں، اور بلاشبہ اللہ سبحانہ و تعالی نے آپ کو اپنی اس نیت کی بنیاد پر فتح و کامیابی سے ہم کنار کیا۔
امام خمینی (قُدِّسَ سِرُّه) اور امام خامنہ ای (ادام اللہ ظلہ) کی خصوصیات میں سے ایک خود اعتمادی اور تشخص کا استحکام ہے۔ وہ مسلم اقوام کو مسلسل گوش گذار کرتے ہیں کہ "اسلام سب کچھ کرسکتا ہے"، "اسلام جمنے اور ڈٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے"۔ اور یہ نکتہ بہت اہمیت رکھتا ہے جو اس سے پہلے فراموشی کے سپرد کیا گیا تھا۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اسلام آج کے انسان کی ضروریات کی تکمیل سے قاصر ہے اور سائنس اور آج کی دنیا کی تیز رفتار تبدیلیوں کے قدموں سے قدم ملا کر آگے بڑھنے کی اہلیت نہیں رکھتا لیکن آج ہم دیکھتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام، تر دشمنیوں اور دشمن کے شدید اور ہمہ جہت دباؤ کے باوجود، آج اس خطے کی واحد پرامن جوہری طاقت ہے۔ اور ایران سب سے پہلے، اس امر کا باعث ہؤا ہے کہ آج امت مسلمہ اپنے اسلامی تشخص ہی کو اپنے عمل اور پیشرفت کا سرچشمہ گردانتی ہے۔
دوسرا نقطہ آزادی و استقلال عور عدم وابستگی ہے۔ آپ اپنے قومی مفادات کی بنیاد پر ایک مستقبل موقف اختیار کرسکتے ہیں اور فطری طور پر دوسرے ممالک بھی آپ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں؛ لیکن اگر آپ دوسروں سے وابستہ ہوں، تو دوسرے بھی آپ کو حقیر اور خوار سمجھیں کے۔
آج ایران تن تنہا دنیا کے چھ بڑے ممالک کے سامنے کھڑا ہے۔ یہ کتنی بڑی طاقت ہے؟ کونسا ملک ہے جو چھ ممالک کے آگے کھڑا ہوجائے اور اکیلے ہی ان کے ساتھ مذاکرات کا انتظام و انصرام کرے۔ بہت سے ممالک ایسے ہیں جن کا رقبہ بھی ایران سے بڑا ہے اور آبادی بھی زیادہ ہے لیکن سنہ 2015ع‍ سے ایران کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں؛ یہ طاقت کہاں سے آئی ہے؟ اس طاقت کا سرچشمہ اسلام ہے۔ یہ طاقت اسلام سے حاصل ہوئی ہے اور اسلام اس طاقت کا سرچشمہ ہے اور اس احساس کے ساتھ آئی ہے کہ جب آپ اپنے لوگوں کے مفادات پر توجہ دیں گے تو لوگ آپ کی عزت کریں گے اور جب آپ دوسروں کے پیرو اور تابع ہوں گے تو لوگ وہ آپ کی عزت نہیں کریں گے۔ یہ امام خمینی (قُدِّسَ سِرُّه) کے مکتب کا دوسرا نکتہ ہے۔ امام خمینی (قُدِّسَ سِرُّه) کا مکتب وہ مکتب ہے جو طاقت اور خودکفالت پر مبنی ہے۔ اس مکتب میں "اسلام" صرف ایک نعرہ اور محض ایک عبادت نہیں ہے؛ بلکہ اسلام طاقت کا سرچشمہ ہے۔ ایک قوی اور طاقتور مؤمن ایک کمزور مؤمن سے بہتر ہے۔ اج ایران میزائلوں، زبردست بحریہ اور پرامن جوہری طاقت کا حامل ملک ہے، یہ قوتیں اور صلاحیتیں کہاں سے آئی ہے؟ یہ سب اسلامی تشخص پر توجہ دینے اور مرتکز رہنے کا نتیجہ ہے اور امام خمینی (قُدِّسَ سِرُّه) کا مکتب اسی تشخص کا داعی اور منادی ہے اور امام خامنہ ای نے بھی اس دعوت کو جاری رکھا ہے۔ یہ مکتب کہتا ہے:
"وَأَعِدُّوا لَهُمْ مَا اسْتَطَعْتُمْ مِنْ قُوَّةٍ وَمِنْ رِبَاطِ الْخَيْلِ تُرْهِبُونَ بِهِ عَدُوَّ اللَّهِ وَعَدُوَّكُمْ وَآخَرِينَ مِنْ دُونِهِمْ لَا تَعْلَمُونَهُمُ اللَّهُ يَعْلَمُهُمْ؛ (سورہ انفال، آیت 60)
اور تم طاقت اور گھوڑوں کی جتنی چھاؤنیاں - جو تم سے بن پڑیں - ان [دشمنوں] سے نمٹنے کے لئے تیار کرو، جن کے ذریعے تم اﷲ کے دُشمن اور اپنے دُشمن پر خوفزدہ کر دو۔ اور ان کے علاوہ دوسروں کو بھی [ڈرا دو] جنہیں تم نہیں جانتے، [مگر] اﷲ انہیں جانتا ہے"۔
یعنی یہ کہ تمہیں طاقتور ہونا چاہئے تا کہ دوسرے [دشمن] تم سے مرعوب ہوں اور تمہارا احترام کریں۔ یہ مکتب اور یہ درسگاہ اسباق و عبرتوں سے مالامال ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی موجودگی اور شرکت کے بغیر کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہوسکتا
آج ایران کے اسلامی انقلاب کی برکت سے دشمن بھی اور دوست بھی، اس مکتب کے احترام کے لئے کھڑے ہو جاتے ہیں اور ان سب کی رائے یہی ہے کہ اس مکتب نے ہی ایران کو مغرب سے وابستگی کے دائرے سے نجات دلائی اور مستضعف اور محروم اقوام کے ایران کے گرد اکٹھے ہونے کا سبب فراہم کیا اور آج یہ اقوام اسلامی جمہوریہ سے جُڑی ہوئی ہیں اور ایران کی اتحادی ہوچکی ہیں؛ اور نہ صرف مسلم اقوام بلکہ وینزویلا (Venezuela) سمیت لاطینی امریکی ممالک ایران کے دوست اور اتحادی ہیں۔ کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ ایران میں ایسے مکتب کی حکمرانی ہے جس نے عقیدے، آزادی اور طاقت پر مبنی ایک نیا ماڈل پیش کیا ہے۔ حتیٰ وہ لوگ جو اس مکتب کے ساتھ دشمنی برتتے ہیں، اور اس کی ناکہ بندی کرنے کے لئے کوشاں ہیں، دل ہی دل میں اس مکتب کا احترام کرتے ہیں۔
اسلامی انقلاب کی کامیابی سے لے کر آج تک دنیا بھر میں کوئی بھی اخبار یا رسالہ شائع نہیں ہوتا جس میں ایران کے بارے میں کوئی خبر، رپورٹ یا مضمون نہ ہو؛ کبھی انقلاب کے بارے میں، کبھی ایران پر صدام کی مسلط کردہ جنگ کے بارے میں اور کبھی ایران کے جوہری پروگرام اور اس پروگرام پر عالمی سطح کے مذاکرات کے سلسلے میں۔ یہ سلسلہ 43 برسوں سے جاری رہا ہے۔ اور اس کے معنی یہ ہیں کہ ایران طاقتور اور با اثر ہے اور اس وقت ایران ایک علاقائی طاقت ہے اور صورت حال یہ ہے کہ کوئی بھی مسئلہ ایران کی شرکت کے بغیر حل نہیں ہوتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترجمہ: فرحت حسین مہدوی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110