24 دسمبر 2019 - 08:13
ایران و ہند تعلقات میں توسیع پر صدر روحانی کی تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے تہران اور نئی دہلی کے درمیان تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ پر تاکید کی ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے پیر کو تہران میں ہندوستان کے وزیرخارجہ جے شنکر سے ملاقات میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ایران و ہندوستان کے مضبوط عزم سے مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان تکنیکی تعاون اور تعلقات میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہوگا۔صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے لئے علاقے میں امن و سیکورٹی کا تحفظ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

ایران کے صدر نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، علاقے خاص طور سے خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں پائدار امن و سیکورٹی کے قیام اور کشیدگی کم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے دیگر ممالک کے ساتھ ایران اور ہندوستان کے چند جانبہ تعاون کو اہم قرار دیا اور تاکید کی کہ امریکہ کو فوری طور پر یا بعد میں امریکی صدارتی انتخابات سے پہلے یا اس کے بعد ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی سے دستبر دار ہونا پڑے گا  اس ملاقات میں ہندوستان کے وزیرخارجہ جے شنکر نے بھی دونوں ملکوں کے سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر میں تعاون کو فروغ دینے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے تعلقات قدیمی اور تاریخی ہیں ۔

جے شنکر نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان بینک کاری کے تعاون میں توسیع دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون و تعلقات کے فروغ میں اہمیت کی حامل ہے۔انھوں نے کہا کہ جنوب مشرقی ایران کی چابہار بندرگاہ میں ایران اور ہندوستان کے درمیان تعاون نہایت خوش اسلوبی سے انجام پا رہا ہے اور اس علاقے میں پروجیکٹوں کو آگے بڑھانے میں تیزی لانے کی کوشش کرنا چاہئے۔ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کو تہران میں ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔

اس ملاقات میں علی شمخانی نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی و ثقافتی مشترکات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور نئی دہلی تمام میدانوں میں تعلقات کو مضبوط بنا کر دونوں ملکوں کے مفادات پورے کرنے کے لئے علاقائی بحرانوں کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کریں۔ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے کہا کہ مشترکہ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے علاقائی سسٹم کا قیام اور مسلسل تعاون ، دہشتگردی کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے بہانے بیرونی ممالک کی مداخلت کا راستہ بند کردے گا۔اس ملاقات میں ہندوستان کے وزیر خارجہ نے بھی  دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی سطح بڑھانے کے لئے دونوں ملکوں کے اعلی حکام کے عزم کی خبردی۔

ہندوستانی وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے مزید کہا کہ چابہار بندرگاہ کی توسیع اور انرجی ، تجارت اور سامان کے ٹرانزٹ کے شعبوں میں نئے بنیادی ڈھانچے کے قیام میں ایران و ہندوستان کے درمیان مشترکہ تعاون ، امن و سیکورٹی کے قیام کی ایک اہم ضرورت ہے اور یہ علاقے میں اقتصادی ترقی میں اہم اثرات کا حامل ہوگا۔ایران اور ہندوستان کے درمیان مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس اتوار کو تہران میں منعقد ہوا جس میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ موجود تھے۔



/129