اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے وزیر صنعت و معدن و تجارت رضا رحمانی نے ایران کے ایوان تجارت میں ایران اور عمان کی تجارتی کانفرنس میں اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ عمان افریقی ملکوں کے لئے ایرانی مصنوعات کی برآمدات کےلئے ایک اچھا مرکزثابت ہوسکتا ہے کہا کہ ایران بھی وسطی ایشا اور روس سے عمان کی ضرورت کی اشیا کی ٹرانزٹ کا بہترین ذریعہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں عمان کے تجارتی وفد کی موجودگی جو گذشتہ چند برسوں کے دوران ایران کادورہ کرنے والے بڑے اقتصادی وفود میں سے ایک ہے اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ عمان ایران کے ساتھ اپنے دوطرفہ روابط کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہے۔ عمان کے وزیر صنعت و تجارت علی بن مسعود السندی نے بھی گذشتہ برسوں کے دوران ایران اور عمان کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران مختلف میدانوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ ایران کے ایوان تجارت کے سربراہ غلام حسین شافعی نے بھی ایران اور عمان کی تجارتی کانفرنس میں کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم ایک ارب ڈالر سے زیادہ ہوگیا ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ گذشتہ برسوں کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات میں کافی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کے لئے بینکنگ تعلقات بہت ہی اہم ہیں اور عمان و ایران کو چاہئے کہ وہ اس معاملے کو اپنی ترجیحات میں قرار دیں۔
/129