اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ افغانستان کی وزارت دفاع کے سرپرست اسداللہ خان اور داخلی امور کے وزیر مسعود اندرابی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ملک میں چوتھے صدارتی انتخابات امن و سیکورٹی کے لحاظ سے کامیاب رہے ہیں -
افغانستان کی وزارت دفاع کے سرپرست اسداللہ خان نے ووٹنگ کے بعد کابل میں پریس کانفرنس میں کہا کہ سنیچر کو ہونے والے صدارتی الیکشن کے دوران کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور ووٹنگ کا عمل کامیابی کے ساتھ انجام پاگیا -
افغانستان کے داخلی امور کے وزیر مسعود انداربی نے بھی اس پریس کانفرنس میں کہا کہ طالبان نے الیکشن کے دوران پولنگ مراکز پر ساٹھ سے زائد حملے کئے لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکے - افغانستان کے چیف الیکشن کمشنرنے بھی کہا کہ چوتھے صدارتی الیکشن میں ووٹنگ پرامن ماحول میں انجام پائی - دوسری جانب آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رائے دہندگان میں جوش و خروش کم پایا گیا ہے اور ووٹنگ کی شرح خاصی کم تھی ۔
اس دوران جلال آباد اور قندھار سمیت مختلف علاقوں میں پولنگ مراکز پر بم دھماکوں میں کم سے کم دو افراد جاں بحق اور پچیس سے زائد زخمی ہوگئےتھے ۔
/129
30 ستمبر 2019 - 05:24
News ID: 979194
افغانستان کی حکومت نے کہا ہے کہ ملک میں صدارتی انتخابات پرامن ماحول میں منعقد ہوئے اور اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے