اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلام آباد کے پالیسی انسٹی ٹیوٹ میں ایک سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ تہران اور اسلام آباد کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے سامنے باہمی تعاون اور تعلقات کو فروغ دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔
مہدی ہنر دوست نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ ایران کو مثبت نتائج کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض قوتیں تہران اسلام آباد تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں لہذا دونوں ملکوں کو پوری ہوشیاری سے کام لینا ہو گا۔
انہوں نے ایران اور پاکستان کے درمیان مشترکہ رشتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کوئی اختلاف موجود نہیں ہے اور یہ بات باہمی تعلقات کے فروغ کی اچھی بنیاد ہے۔
ایرانی سفیر نے گیس اور بجلی کی فراہمی سمیت توانائی کے شعبے میں ایران پاکستان تعاون کے بارے میں کہا کہ ایران کی جانب سے گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد پاکستان کے لیے بہت بڑی مدد ہے کیونکہ اس سے اسلام آباد حکومت کو توانائی کے بحران پر قابو پانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا موقع ملے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲