6 مئی 2019 - 18:14
علامہ اقتدار حسین نقوی: اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو اگلا دھرنا وزیر خارجہ کے گھر کے باہر ہوگا

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے ہزاروں شیعیان حیدر کرار کے ووٹ لیے مگر آج تک ایک لفظ بھی مظلوموں کے حق میں نہ بول سکے، بلکہ استعمار کا آلہ کار بنے ہوئے ہیں، ہم حکومت سے کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں چاہتے لیکن اپنے پیاروں کی اس طرح تذلیل نہیں ہونے دینگے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم کے منتظر ہیں، ہم حکومت کو مزید کچھ وقت دیتے ہیں، وہ ہمارے مسنگ پرسن کو فوری رہا کر دے، ورنہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں پاکستان تحریک انصاف کے وزراء اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے گھروں کے باہر احتجاجی دھرنے دیں گے اور انہیں گھروں میں محصور کر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں دیئے گئے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ ملتان کا اگلا دھرنا وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گھر کے باہر ہوگا، جنہوں نے ہزاروں شیعیان حیدر کرار کے ووٹ لیے مگر آج تک ایک لفظ بھی مظلوموں کے حق میں نہ بول سکے، بلکہ وہ استعمار کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں، ہم حکومت سے کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں چاہتے، لیکن اپنے پیاروں کی اس طرح تذلیل نہیں ہونے دیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ ایجنسیاں جو کل تک ہمارے جوانوں کی گمشدگی ماننے کے لیے بھی تیار نہیں تھیں، آج وہی پیادے بیرونی آقائوں کے اشاروں پر سنگین الزامات لگا رہے ہیں، حکومت اور اس کے کارندوں کو شرم آنی چاہیئے، حکمرانوں کو خدا کی لاٹھی سے ڈرنا چاہیئے۔

.......

/169