اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ لاہور، ماہ رمضان المبارک کے استقبال کے سلسلہ میں قرآنی ادارہ التنزیل پاکستان کے زیر اہتمام دوسری سالانہ معرفت قرآن کریم کانفرنس اتوار کو اسلامک کمیونٹی سنٹر گلبرگ، لاہور میں منعقد ہوگی۔ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام خطاب کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار ادارہ التنزیل کے چئیرمین ڈاکٹر علی عباس نے لاہور کے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے بتایا کہ معر فت قرآن کریم کانفرنس کے انعقاد کا مقصدقرآن مجید کو معاشرے کے ہر فرد بالخصوص جوانوں کے لیے کتاب زندگی کی حیثیت سے پیش کرنے اور قرآنی خدمات سے متعلقہ افراد اور اداروں کو باہمی تبادل خیال اور مشکلات کے حل کے لیے موقع فراہم کرنا نیز خدمتِ قرآن کے لیے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنا ہے۔ ادارہ التنزیل معارفِ قرآن کی تبلیغ اور قرآنی معاشرہ کی تشکیل کی عملی جدوجہد کے لیے گذشتہ بارہ سالوں سے سرگرم عمل ہے اور معرفت قرآن کریم کانفرنس اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ قرآن کریم ہی وہ حقیقی نور ہے جو فرد اور معاشرے کو تاریکیوں سے نکال کر نور کی طرف لے جاتا ہے۔معرفت قرآن کانفرنس سے جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ ، ملی یکجہتی کونسل کے سید ثاقب اکبر،علامہ راغب نعیمی ،پروفیسر حافظ ظفر اللہ شفیق ،علامہ ابوبکر اعوان،علامہ غلام شبیر بخاری، امتیاز علی رضوی،مولانا ضیا اللہ شاہ بخاری،صاحبزادہ امانت رسول ،علامہ ابوذر مہدوی اورمرکزی صدر آئی ایس او سید قاسم شمسی خطاب کریں گے جبکہ کانفرنس میں علما کرام ،طلبہ، صحافی و دانشور حضرات ،ماہرین تعلیم اورقرآنی اداروں کے سربراہان سمیت سینکڑوں افراد شریک ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲