9 اپریل 2019 - 17:12
ایران کے ایک سو چودہ پرامن ایٹمی پروجیکٹوں کا افتتاح اور رونمائی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کے تیرہویں جشن کے موقع پر ایران کے ایک سو چودہ پرامن ایٹمی پروجیکٹوں اور منصوبوں اور ٹیکنالوجیوں کا افتتاح اور رونمائی کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ نو اپریل کو ایران کے ایٹمی سائنسدانوں کی قابل فخر خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے اور اسی تاریخ کو ایران کے ایٹمی فیول ری سائیکل کی تکمیل کی سالگرہ منانے کی غرض سے ملکی سطح پر ایٹمی ٹیکنالوجی کا قومی دن منایا جاتا ہے-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کو ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کے  تیرہویں جشن کے موقع پر آئی آر سکس سینٹری فیوج کی بیس مشینوں کی چین نصب کئے جانے، خلائی ٹیکنالوجی کے قومی مرکز کے پہلے فیز کے افتتاح، یورینیم کی افزودگی کے دوران بچ جانے والے فضلوں کو دوبارہ صحیح استعمال میں لانے والے پروجیکٹ اور میڈیکل ڈائگنوز کو سرعت دینے والے سسٹم ایم وی سکس جیسے  چار پروجیکٹوں کا افتتاح  ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کیا-

  ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی جشن کے موقع پر میڈیسن اینڈ میڈیسن ڈائگنوسس، کوانٹام ٹیکنالوجی اور ایف ٹی آئی آر ڈیوائس کا بھی افتتاح کیا گیا-

یہ ساری ٹیکنالوجی صحت اور میڈیکل کے شعبوں میں استعمال ہوتی ہیں- اس کے علاوہ دیگر پروجیکٹوں کی  صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور دیگر اعلی سول اور فوجی شخصیات کی موجودگی میں رونمائی کی گئی-

واضح رہے کہ ایران کی ایٹمی صنعت پچھلے برسوں کے دوران ترقی کے راستے پر تیزی کے ساتھ گامزن رہی ہے اسی لئے ہر سال ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کی مناسبت سے جن ایٹمی ٹیکنالوجیوں کی رونمائی کی جاتی ہے ان میں اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے-

اس درمیان ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ  ایران پر امریکا کی خود سرانہ پابندیوں کے دوبارہ عائد ہونے سے ایٹمی صنعت کے اعلی اہداف تک پہنچنے میں ایرانی عوام کے عزم و ارادے متزلزل نہیں ہو سکتے-

ڈاکٹر صالحی نے ٹریم نوے yttrium 90  نامی نئی ٹیکنانوجی کی رونمائی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی معدے کے کینسر کی دوا تیار کرنے میں استعمال ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیوکلیئر میڈیسن کی تیاری میں ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کی تیز رفتار ترقی نے ایران اسلامی کی سرحدوں سے باہر بھی اپنے آپ کو منوا لیا ہے اور اب ایران کی نیوکلیئر میڈیسن دنیا کے مختلف ملکوں کو برآمد ہو رہی ہیں-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲