18 مارچ 2019 - 20:43
لکھنو؛ باقریہ درسگاہ کے زیر اہتمام بچوں کے تعلیمی مظاہرے اور تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد+تصاویر

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مکاتب علی خان صاحب نے بچوں کی بنیادی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی تاکید کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے علمی و ادبی شہر لکھنو کی باقریہ درسگاہ کے زیر اہتمام گزشتہ روز اتوار(مورخہ ۱۷ مارچ ۲۰۱۹) کو ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں درسگاہ کے زیر تعلیم بچوں نے مختلف موضوعات پر تعلیمی مظاہرہ کیا جو حاضرین کے لیے انتہائی دلچسب اور قابل تحسین تھا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، یہ تقریب جو ’حسینیہ نواب افسر جہاں بیگم‘ میں منعقد کی گئی اس میں بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور تعلیمی مظاہرے میں اعلی درجات حاصل کرنے والے بچوں کو نفیس انعامات سے نوازا گیا۔
تقریب کے خصوصی خطیب حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا مکاتب علی خان صاحب قبلہ تھے جنہوں نے اپنی تقریر میں بچوں کی ابتدائی تعلیم و تربیت پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تعلیم و تربیت ہی بچوں کی بنیاد ہے اور اگر بنیاد کی پہلی اینٹ ٹیڑھی ہو گی تو آخر تک دیوار ٹیڑھی ہی رہے گی۔
تقریب میں ان ۶ طالبات کو بھی خصوصی اسناد و انعامات سے نوازا گیا جو اس درسگاہ سے تعلیم حاصل کر کے فارغ التحصیل ہوئیں۔ تقریب کے اختتام پر حجۃ الاسلام و المسلمین حسین عباس ترابی نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور دعائیہ کلمات ادا کئے۔
خیال رہے کہ لکھنو کے علاقے ’غازی منڈی‘ میں واقع باقریہ درسگاہ ۱۹۸۷ سے اب تک قوم کے نونہالوں کی علمی پرورش میں مصروف عمل ہے اس درسگاہ کا مقصد عصری تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو ابتدائی اور بنیادی دینی تعلیم سے روشناس کرانا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲