28 فروری 2019 - 17:42
پلوامہ حملے کی ہندوستانی اطلاعات کا پاکستان کی جانب سے جائزہ

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے نئی دہلی کی جانب سے پلواہم کے دہشت گردانہ حلے کے بارے میں تفصیلات موصول ہونے کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ان معلومات کا جائزہ لیا جائے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اسلام آباد، نئی دہلی کی جانب سے پلوامہ حملے کے بارے میں فراہم کی جانے والی معلومات اور تفصیلات نیز دستاویزات کا جائزہ لے گا اور ملزموں کے خلاف دعوی صحیح ثابت ہونے کی صورت میں ان کے خلاف کارروائی کرے گا۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے سمیت مختلف شعبوں میں ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کے لئے اپنے ملک کی آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے پکڑے جانے والے پائلٹ کی حالت، پاکستانی فوج کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی امداد کی بنا پر بالکل صحیح ہے اور اس پائلٹ کی حالت کے بارے میں کوئی تشویش نہیں پائی جاتی۔

محمد فیصل نے کہا کہ او آئی سی کے اجلاس میں ہندوستان کی شرکت کی صورت میں پاکستان اس اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔

دریں اثنا میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ کشمیر کی کنٹرول لائن پر ہندوستان اور پاکستان کے فوجی جوانوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ہندوستان کے دفاعی ذرائع نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ہندوستان کی فضائیہ کے حملے اور پاکستان کی جانب سے ہندوستان کے جنگی طیاروں کو مار گرائے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے اور کنٹرول لائن کے دونوں طرف صورت حال انتہائی کشیدہ ہے۔

تازہ ترین رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ کنٹرول لائن پر ہندوستان اور پاکستان کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور دونوں طرف کے لوگ محفوظ مقامات کی طرف کوچ کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

ایک اور خبر کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام کشمیرکی وادی کے طول وعرض میں جمعرات کو، کی جانے والی ہڑتال کے نتیجے میں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ تمام کاروباری مراکز، دکانیں اور اسکول بند رہے اور سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر رہا جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے لئے سیکورٹی سخت کر دی گئی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲