12 فروری 2019 - 14:26
جرمنی؛ فرینکفرٹ میں پاک حیدری ایسوسی ایشن کی نئی انتظامیہ کمیٹی کا انتخاب+ تصاویر

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں مقیم شیعہ مسلم کمیونٹی نے باہمی طور پر اپنے دینی امور کی انجام دہی کے لیے پاک حیدری ایسوسی ایشن فرینکفرٹ کی نئی انتظامیہ کے تعین کے لیے آزادانہ انتخابات کا اہتمام کیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق، دنیا بھر میں مساجد اور امام بارگاہوں کے امور کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے عوام کی جانب سے انتظامہ کمیٹیاں تشکیل دی جاتی ہیں اسی طرز تفکر کے تحت جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں بھی شیعہ مومنین نے پاک حیدری ایسوسی ایشن کو تشکیل دیتے ہوئے رواں مہینے میں ایسوسی ایشن کی نئی انتظامہ کے انتخابات کا اہتمام کیا جس میں اس شہر کے مقیم تمام شیعہ افراد نے بھرپور حصہ لیا اور اپنا حق رائے دہی استعمال کر کے آئندہ ۵ سال کے لیے ایک انتظامیہ کمیٹی کا اہتمام کیا جو باہمی دینی امور کی انجام دہی میں موثر کردار ادا کرے گی۔
پاک حیدری ایسوسی ایشن کی نئی انتظامیہ کمیٹی میں جناب سید صبور نقوی کو بطور صدر، جناب سید صفدر عباس کو نائب صدر اور جناب شاہد علی خان کو جنرل سکرٹری کے طور پر انتخاب کیا گیا۔ جبکہ دیگر افراد بھی مختلف ذمہ داریوں کو اپنے دوش پر سنبھالتے ہوئے اس کمیٹی میں شامل ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق منتخب شدہ کمیٹی نے اپنے مقاصد کو بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس دیار غیر میں نوجوانوں اور بچوں کو دینی تعلیمات سے روشناس کروانے کے لئے موثر کردار ادا کرے گی جبکہ مستقبل قریب میں انجمن کے عہدیداروں کے لیے قم المقدسہ اور نجف اشرف کا دورہ اور علمائے کرام و مراجع عظام سے ملاقات اس کی ترجیحات میں شامل رہے گا۔ نیز مغرب میں شیعہ کمیونٹی کو درپیش شرعی مسائل اور دینی مشکلات کے حل کے لیے ولی امر مسلمین حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کے دفتر سے رابطہ کرنا بھی پاک حیدری ایسوسی ایشن فرینکفرٹ کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
خیال رہے کہ پاک حیدری ایسوسی ایشن فرینکفرٹ پاکستانی شیعہ مسلمانوں کی ایک ایسی قدیم تنظیم ہے جس کی عزاداری سید الشہدا(ع) کی ترویج کے لیے رسمی طور پر ۱۹۷۵ میں بنیاد رکھی گئی۔

....................
242