26 دسمبر 2018 - 17:41
عراق میں ایران کی کوئی عسکری سرگرمی نہیں: ایرانی سفیر

عراق میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ یہاں ایران کی نہ تو کوئی عسکری سرگرمی ہے اور نہ ہی ہمارے فوجی اڈے ہیں.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ایرج مسجدی نے بغداد میں بعض عراقی صحافیوں اور مختلف میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ایک مشترکہ نشست میں کہا کہ عراق میں ہماری کوئی عسکری سرگرمی نہیں بلکہ ایران کے عسکری مشیر عراق میں داعش کے خاتمے کے اعلان کے بعد اپنے مشن کا اختتام کرکے واپس چلے گئے.
ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران کے برعکس امریکہ نے عراق میں داعش کے خاتمے کے باوجود اب بھی یہاں اپنی فورسز کو رکھا ہوا ہے اور بجائے اس کے کہ وہ اپنی فورسز کو عراق سے نکالے یہاں اپنے فوجی اڈوں اور عسکری پوزیشن کو مزید مستحکم کررہا ہے.
ایرج مسجدی نے کہا کہ امریکہ دہشتگردی یا داعش کا خاتمہ نہیں چاہتا بلکہ وہ اسے اپنے کنٹرول میں رکھنا چاہتا ہے تا کہ خطہ طویل مدت کے لئے غیرمستحکم اور کشیدگی کا شکار رہے.

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ دنیا میں امریکی جبر اور غنڈہ گردی جنگل کے قانون کے مترادف ہے، امریکی حکمران سمجھتے ہیں کہ دنیا ان کی ملکیت ہے اسی وجہ سے آج ان سے نفرت میں مزید اضافہ ہوا ہے.

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲