اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے مفتی اعظم ابراہیم ابو محمد اور دیگر سینئر علما نے ایک کھلے خط کے ذریعے وزیراعظم موریسن کی گول میز کانفرنس میں شرکت کی دعوت کو مسترد کردیا ہے۔
آسٹریلوی وزیراعظم کے نام لکھے گئے کھلے خط میں مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ میری اور پوری مسلم کمیونٹی کی آسٹریلوی وزیراعظم کے حالیہ بیان سے دل آزاری ہوئی ہے جس میں انہوں نے کسی ایک دہشت گرد کے منفی عمل کو بنیاد بنا کر پوری امت مسلمہ کو مجرم ٹھہرادیا تھا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ آسٹریلیا کو محفوظ بنانے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے جس کے لیے مسلم کمیونٹی کو شدت پسندانہ نظریات سے اجتناب برتنا ہوگا اور اگر ایسا نہیں کیا گیا تو خود مسلمان بھی محفوظ نہیں رہ سکیں گے۔ خیال رہےکہ رواں برس 9 نومبر کو میلبورن میں صومالی نژاد مسلم نوجوان نے چاقو کے وار کرکے ایک شخص کو ہلاک اور دو کو زخمی کر دیا تھا، حملہ آور پولیس کی جوابی فائرنگ میں مارا گیا تھا۔ نوجوان وہابی دہشت گرد تنظیم داعش سے منسلک تھا جب کہ پولیس نے دہشت گردی کی واردات کی منصوبہ بندی کرنے والے مزید 3 وہابی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا تھا۔
.......
/169