28 اکتوبر 2018 - 15:24
سری لنکا میں سیاسی بحران؛ سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم کو برطرف اور پارلیمنٹ کو معطل کردیا

سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم کو برطرف کرکے پارلیمنٹ کو 16 نومبر تک کے لیے معطل کردیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ صدر متھری پالا سری سینا نے اپنے حلیف وزیراعظم رنیل وکرما سنگھے کو برطرف کرتے ہوئے موجودہ اپوزیشن لیڈر اور سابق صدر مہندرا راجا پاکسے کو نیا وزیراعظم مقرر کیا تھا۔

وزیراعظم رنیل وکرما سنگھے نے صدر کے احکامات کو رد کرتے ہوئے مستعفی ہونے سے انکار دیا اور اپنی اکثریت ثابت کرنے کے لیے اسپیکر سے پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی جس پر سری لنکن صدر نے پارلیمنٹ کو ہی 16 نومبر تک معطل کردیا۔

ادھر وزیراعظم رنیل وکرما سنگھے برطرف کیے جانے کے باوجود وزیراعظم ہاؤس میں اپنے دفتر میں موجود ہیں اور حلف اُٹھانے والے نئے وزیراعظم کو داخل ہونے نہیں دیا۔ سیاسی بحران کی وجہ سے سری لنکا میں اس وقت پارلیمنٹ معطل ہے اور ملک میں وزیراعظم ہونے کے دو دعویدار موجود ہیں۔

.......

/169