15 اکتوبر 2018 - 15:06
بلدیاتی انتخابات محض ایک گمراہ کُن اور مضحکہ خیز عمل ہے: آغا حسن

بلدیاتی انتخابات کو کشمیر کے سلگتے حالات سے عالمی توجہ ہٹانے اور گزشتہ مظالم پر پردہ ڈالنے کی بھارتی کوشش قرار دیتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ برائے نام بلدیاتی انتخابات سے گزشتہ مرحلے بھارت اور اس کے گماشتوں کیلئے انتہائی رسوا کُن ثابت ہوئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/انجمن شرعی شیعیان جموں وکشمیر کے سربراہ اور سیئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ریاست میں منعقد کرائے جارہے نام نہاد بلدیاتی انتخابات کو ایک مضحکہ خیز اور گمراہ کُن عمل سے تعبیر کرتے ہوئے عوام کو اس لاحاصل مشق کیلئے خریدے گئے آلہ کاروں کے پروپگنڈوں سے خبردار رہنے کی تاکید کی۔ بلدیاتی انتخابات کو کشمیر کے سلگتے حالات سے عالمی توجہ ہٹانے اور گزشتہ مظالم پر پردہ ڈالنے کی بھارتی کوشش قرار دیتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ برائے نام بلدیاتی انتخابات سے گزشتہ مرحلے بھارت اور اس کے گماشتوں کیلئے انتہائی رسوا کُن ثابت ہوئے ہیں اور عوام نے اپنے شہداء کے مقدس نصب العین کے ساتھ تجدید وفا کا شاندار مظاہرہ کیا ہے جس سے مسلط قوت کے ارادوں پر پانی پھر چکا ہے۔ اسلئے اب ضمیر فروش آلہ کار اپنے حقیر مقاصد کے حصول کیلئے ذلیل ترین حربوں پر اتر آئے ہیں تاکہ عوام سے چند ووٹوں کی بھیک مانگنے میں کامیاب ہوسکیں۔آغا صاحب نے عوام سے تاکید کی کہ وہ ان آلہ کاروں کے گمراہ کُن پروپگنڈے اور جھانسے میں کسی بھی قیمت پر نہ آئیں اور بلدیاتی انتخابات سے دور رہیں۔
 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲