اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق دیامر کے علاقے داریل گماری کے مقام پر دہشتگردوں کے حملے میں سی ٹی ڈی گلگت کا ایک جوان شہید جبکہ چار زخمی ہوگئے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب سی ٹی ڈی کے جوان ڈیوٹی کے لئے داریل گماری جا رہے تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بھاری تعداد میں فورس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ شہید اہلکار کی میت اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب اسلام ٹائمز کے رابطہ کرنے پہ مقامی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ غلط فہمی کا نتیجہ ہے، جس میں سی ٹی ڈی جوانوں پہ فائرنگ دہشتگردوں نے نہیں بلکہ سکیورٹی فورسز نے کی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق داریل میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے سول کپڑوں میں ملبوس سی ٹی ڈے کے 5 جوانوں میں سے 2 جاں بحق ہوگئے ہیں، جبکہ تین افراد زخمی ہیں۔ جاں بحق اہلکاروں میں بسیر عباس کا تعلق نپورہ بسین گلگت سے ہے، جو کہ سر میں گولی لگنے سے موقع پہ ہی دم توڑ گئے جبکہ سید ملوک نامی اہلکار بھی ہسپتال لے جانے کے دوران گاڑی میں دم توڑ گیا۔

.......
/169