اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات کی، جس میں جنوبی ایشیا کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے بات چیت کے ذریعے علاقائی امن کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انتونیو گوتریش کو ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی اور کشمیر میں مظالم پر اظہار تشویش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کروائیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے تاہم اقوام متحدہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔ انہوں نے سیکریٹری جنرل یو این او سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا پر امن حل کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔
شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل یو این او سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن کے لیے ہندوستان سے مذاکرات چاہتا ہے اور ہندوستان سے تمام معاملات پر بات چیت کے لیے تیار ہے تاہم اس کے لیے وہ اپنا کردار ادا کریں۔ پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں بھی مذاکرات سے ہی امن و استحکام لایا جا سکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169