3 جولائی 2018 - 13:28
آئی اے ای اے میں ایران کے نئے مندوب کی یوکیا آمانو سے ملاقات

ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے مستقل مندوب کاظم غریب آبادی نے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو سے ملاقات میں انہیں اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا: ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے مستقل مندوب کاظم غریب آبادی نے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو سے ملاقات میں ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان تعلقات اور اچھے تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں ایٹمی توانائی کے پرامن استفادے سے متعلق تکنیکی تعاون کی تقویت و فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔انھوں نے سلامتی و تحفظ، سیف گارڈ اور تکنیکی تعاون جیسے مسائل و موضوعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کی جانب سے مختلف مسائل کا متوازن طریقے سے جائزہ لئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے مستقل مندوب نے ایٹمی معاہدے پر ایران کے کاربند رہنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، کہ جس کی آئی اے ای اے کی گیارہ رپورٹوں میں تصدیق بھی کی گئی ہے، اس عالمی ایجنسی کے آزادانہ و غیر جانبدارانہ نیز پیشہ ورانہ کردار کی اہمیت پر زور دیا۔انھوں نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی یکطرفہ علیحدگی کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتّیس کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدہ کوئی یکطرفہ معاہدہ نہیں ہے بلکہ اسے باقی رکھنے کے لئے مقابل فریق کی جانب سے اپنے وعدوں اور معاہدوں پر عمل کئے جانے کی ضورت ہے اور یہ کہ ایران بھی ایٹمی معاہدے سے فائدہ اٹھانے کا حق رکھتا ہے۔اس ملاقات میں آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران کو ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کا ایک اہم رکن ملک قرار دیا اور کہا کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران تہران اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون بخوبی فروغ پاتا رہا ہے۔

.....

/169