21 جون 2018 - 14:55
طاقت و تشدد کے بل پر کشمیریوں کو زیادہ دیر دبایا نہیں جاسکتا ہے: تحریک اتحادامت

تحریک اتحادامت کے ترجمان نے کہا کہ طاقت و تشددکے بل بوتے پر کشمیریوں کو زیادہ دیر دبایا نہیں جاسکتا ہے ،فتح ہمیشہ مظلومین کی ہی ہوتی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر۔ تحریک اتحاد امت کشمیر نے ریاست جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور قتل وغارتگری کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی حالیہ رپورٹ کے باوجود بھارت اپنی فوجی طاقت کے نشے میں نہتے اور معصوم عوام کو تہہ وتیغ کرنے میں عار محسوس نہیں کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کے تمام قوائد و ضوابط بالائے طاق رکھ کرکشمیریوں پر ظلم و زیادتی روا رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے ایسی صورتحال کے پیش نظر اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں ہو رہی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مکمل روک لگانے کے لئے عملی اقدامات اُٹھائے۔ تحریک اتحادامت کے ترجمان نے کہا کہ طاقت و تشددکے بل بوتے پر کشمیریوں کو زیادہ دیر دبایا نہیں جاسکتا ہے ،فتح ہمیشہ مظلومین کی ہی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا دائمی حل ظلم و زیادتی کے بجائے مذاکرات میں ہی مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بھارت کشمیر کو امن و قانون کے ایک مسئلہ کے بطور دیکھنا بند نہیں کرتی زمینی صورتحال میں کوئی بدلاؤ آنے والا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہزار بار آزما کر دیکھے ہر بار بھارت کشمیری عوام کے عزم کو توڑنے میں ناکام ہوتی دکھائی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقتصادی پیکیجز اور مراعات کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک حل طلب مسئلہ ہے جس کے دائمی حل کے لئے مذاکرات لازمی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے بے باک صحافی و قلمکار سید شجاعت بخاری کے قتل کی تحقیقات عالمی سطح پر کسی آزاد ادارے کے ذریعے ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ شجاعت بخاری انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے بہادر اور امن کے لیے فعال صحافی تھے۔انہوں نے شجاعت بخاری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے شہید کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔درایں اثنا تحریک اتحاد امت کے ترجمان نے اسرائیل فوج کے لڑاکا طیاروں کی جانب سے گزشتہ روز غزہ میں شدید بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملت اسلامیہ کو متحد ہوکر اپنے مشترکہ دشمن کے خلاف صف آراء ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ کے آپسی اتحاد و بھائی چارگی و یگانگت میں ہی درد کی دوا پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کہ مسلمان متحد ہوکرخیر امت کا ثبوت دیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲