اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ بانی انقلاب اسلامی ایران حضرت امام خمینیؒ کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سیئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ امام خمینیؒ اپنے مجاہدانہ و مدبرانہ افکار و نظریات اور جذبہ احیائے اسلام کے تناظر میں ایک بلند قامت انقلابی قائد کی حیثیت سے رہتی دنیا تک یاد کیے جائیں گے اور موصوف کا برپا کردہ اسلامی انقلاب کا پرچم نہ صرف سرزمین ایران پر لہراتا رہے گا بلکہ ایران کی سرحدوں کو عبور کرتا ہوا دنیائے اسلام میں اپنی جلوہ سامانیوں کا مظاہرہ کرتا رہے گا۔
آغا حسن نے کہا کہ اپنی قوت ایمانی اور جذبہ اسلام و انسانیت کے بل پر دنیا کی جابر قوتوں کے جارحانہ عزائم کو للکارنے والی شخصیت حضرت امام خمینیؒ نے دشمنان اسلام کے اس فرسودہ تصور کے غبارے سے ہوا نکال کر رکھ دی۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے موجودہ دور میں اسلام ملکی نظام چلانے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ امام خمینیؒ نے ثابت کر دکھایا کہ اسلامی نظام حکومت مسلمان ممالک کو نہ صرف ناقابل تسخیر بنا سکتا ہے بلکہ سائنس و ٹیکنالوجی سے میدان میں اس نظام کے تحت مسلمان کسی سے پیچھے نہیں رہ سکتے۔ امام خمینیؒ کی طرف سے مئلہ فلسطین کی جرأت مندانہ وکالت اور یوم مستضعفین جیسے اقدام دنیا کی مظلوم مسلمان قوموں کی فکر مندی کے عکاس ہیں۔ امام خمینیؒ کا مشن اتحاد و اخوت دشمن قوتوں کا سب سے بڑا درد سر تھا اور رہے گا۔ امام خمینیؒ کو خراج عقیدت کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم کسی بھی قیمت پر اخوت اسلامی کی حفاظت کریں۔دریں اثنا انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے برسی حضرت امام خمینیؒ کے سلسلے میں مطلع کیا کہ اس سال امام خمینیؒ کی برسی کے حوالے سے تنظیم بعد از عیدالفطر پُروقار سیمینار کا انعقاد کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲