2 مئی 2018 - 15:01
بڈگام میں انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے پُر وقار جلوس میلاد ولی عصرؑ

علماء دین نے ظہور امام زمانہ ؑ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے دنیا کی مظلوم و محکوم قوموں کیلئے ایک بے بدل تحفۂ الٰہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب دنیاکی مظلوم و محکوم قومیں انتہائی بے کس وبے بس ہوں گی اور ظالم قوتیں مظلومین پر ظلم واستبداد کے نا قابل برداشت حربے آزمائیں گے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ حضرت ولی عصرؑ کے یوم ولادت با سعادت کی مناسبت سے بڈگام میں انجمن شرعی شیعیان جموں کشمیر کے اہتمام سے ایک پُر رونق جلوس میلاد برآمد کیا گیا، جس میں تنظیم کے شعبہ تعلیم سے وابستہ شاخہای مکاتب کے طلبہ و طالبات کے ساتھ ساتھ عقیدت مندوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر علماء دین نے انقلاب مہدی کے خدوخال اور اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ علماء دین نے ظہور امام زمانہ ؑ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے دنیا کی مظلوم و محکوم قوموں کیلئے ایک بے بدل تحفۂ الٰہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب دنیاکی مظلوم و محکوم قومیں انتہائی بے کس وبے بس ہوں گی اور ظالم قوتیں مظلومین پر ظلم واستبداد کے نا قابل برداشت حربے آزمائیں گے تو اللہ تعالیٰ اُس منجی عالم کو ظہور فرمائے گے۔ جن علماء دین نے محفل نور میں شرکت کی اُن میں حجۃ الاسلام سید محمد حسین موسوی، حجۃ الاسلام سید یوسف موسوی، حجۃ الاسلام حجۃ الاسلام آغاسید محمد عقیل الموسوی الصفوی، حجۃ الاسلام محمد مقبول جو، حجۃ الاسلام حجۃ شوکت حسین، حجۃ الاسلام سید محمد حسین صفوی، حجۃ الاسلام سید عابد حسین رضوی، حجۃ الاسلام حاتم علی میر، حجۃ الاسلام آغاسید احمد موسوی، حجۃ الاسلام شیخ مہدی ذاکری، مولوی شیخ غلام احمد بٹ، مولوی سید مصطفی موسوی، مولوی سید حسین موسوی اور مولوی غلام حسین شگنو شامل ہیں۔ اس موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ تصور مہدی ؑ اگرچہ تمام اسلامی مسالک کا مشترکہ عقیدہ ہے اور ہر مسلمان کا اس بات پر ایمان کامل ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے دین کو دنیا کے دیگر ادیان پر غالب فرمائیں گے اور جو لوگ زمین پر مستعضف بنائے گئے انہیں روئے زمین کا وارث بنایا جائے گا۔ اس بشارت الٰہی کے تکمیل کار حضرت ولی عصرؑ ہیں۔ آغا صاحب نے کہا کہ ظہور امام مہدیؑ کیلئے امت مسلمہ کی آمادگی ایک ناگزیر جذبۂ ایمانی ہے۔ دریں اثناء انجمن شرعی شیعیان جموں کشمیر کے ترجمان نے بھارتی جیلوں میں محبوس کشمیری حریت پسندوں کی حالت زار پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایک منصوبہ بند پالیسی کے تحت کشمیری محبوسین کو بدترین سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ محبوسین کو اعلاج و معلجہ کی سہولیات سے دانستہ طور پر محروم رکھا جارہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایسے ظالمانہ حربوں سے حریت پسند محبوسین کے عزم و حوصلوں کو توڑا نہیں جاسکتا ۔  

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲