اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جاثیہ نیوز کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی صدر امریکی حکومت کی جانب سے غاصبانہ قبضے، بے گناہوں کے قتل عام اور مجرمانہ اقدامات کا طویل ریکارڈ رکھنے والی نسل پرست صیہونی حکومت کی بھرپور حمایت انتہائی شرمناک ہے۔
بہرام قاسمی نے مزید کہا کہ اس سے بھی زیادہ شرمناک بات یہ ہے کہ خطے کے بعض ناپختہ سوچ رکھنے والے، نئے حکمرانوں کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ خفیہ اور آشکارہ تعلقات کے قیام کی کوششوں نے صیہونی حکومت کو، عیدپاک کے موقع پر، پرامن مظاہرہ کرنے والے فلسطینی نوجوانوں کو خاک و خون میں نہلانے کی شہہ دی ہے۔
انہوں نے عالمی برادری اور انسانیت کا درد رکھنے والے تمام انسانوں سے اپیل کی ہے وہ اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کی روک تھام کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات عمل میں لائیں۔
عراق کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کا فلسطین کے نہتے عوام پر حملہ، بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
احمد محجوب نے مزید کہا کہ عراق ملت فلسطین اور فلسطینی مقاصد بالخصوص قدس کی آزادی کی حمایت کا اعلان کرتا ہے۔
مصر کی وزارت خارجہ نے بھی فلسطین میں یوم الارض کے موقع پر صہیونی ریاست کی طرف سے کی گئی وحشیانہ کاروائی کے خلاف مذمتی بیان جاری کر کے کہا ہے کہ قاہرہ قدس سمیت فلسطین کو آزاد ملک تسلیم کرنے اور فلسطینیوں کو ان کے اپنے وطن واپسی لوٹانے کی حمایت کا اعلان کرتا ہے۔
قاہرہ نے عالمی برادری کو مسئلہ فلسطین کے تئیں اپنی ذمہ داری کا احساس دلانے کی کوشش کی ہے اور فلسطینی اتھارٹی اور صہیونی ریاست کو آپسی گفتگو کے ذریعے اس مسئلے کے حل و فصل کی دعوت دی ہے۔
حزب اللہ لبنان کے بیان میں فلسطینی قوم کی شجاعت و جانبازی کی قدردانی کے علاوہ تاکید کے ساتھ اعلان کیا گیا ہے کہ ہمیشہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ اور کامیابی کے حصول تک غاصبوں کے خلاف ان کے جہاد میں شریک ہے۔
حزب اللہ کے بیان میں مزید آیا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کی عظیم الشان ریلی سے فلسطینی قوم کے دشمنوں اور سازش پسند عناصر اور تمام غداروں کو مایوسی ہوئی ہے۔
حزب اللہ نے فلسطینی نوجوانوں کی دلیرانہ جدوجہد کو سراہتے ہوئے ان کی مظلومانہ شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام عرب و مسلمان قوموں، نیز پوری دنیا کے حریت پسندوں سے فلسطینیوں کی مدد و حمایت کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
.................
242