21 فروری 2018 - 17:49
کرم ایجنسی میں رسول پاک کی بیٹی کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و حترام سے منایا گیا

مجلس علمائے اہلبیتؑ کے مرکزی دفتر میں رسول اللہ کی بیٹی حضرت فاطمۃ الزہراء (س) کی یوم شہادت کے موقع پر مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کرم ایجنسی بھر میں رسول اکرمؐ کی بیٹی جناب فاطمۃ الزہرا(س) کی یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رسول اللہ ؐ کی جگرگوشہ بیٹی اور مشکل کشاء حضرت امام علیؑ کے ہمسفر بی بی فاطمۃ الزہراء (س) کے یوم شہادت کے موقع پر پاراچنار مرکزی امام بارگاہ اور مجلس علمائے اہلبیتؑ کے مرکزی دفتر میں مجالس عزاء اور سینہ زنی کا اہتمام کیا گیا۔ جبکہ کرم ایجنسی کے تمام دیہاتوں کے امام بارگاہوں میں بھی بی بی فاطمۃ الزہراء (س) کی غم میں مجالس عزا منعقد کیے گئے۔ جس میں ہزاروں مومنین نے شرکت کی۔
پاراچنار مرکزی امام بارگاہ میں رسول اللہ ؐ کی عظیم بیٹی کی شہادت کے حوالے سے مجلس عزاء کا اہتمام کیا گیا۔ جسمیں مولانا اخلاق حسین نے خطاب کرتے ہوئے حضرت بی بی فاطمۃ الزہرا (س) کی مظلومانہ پہلو پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمدؐ کی بیٹی کی عظمت کے حوالے سے رسول پاکؐ کے ان گنت روایات موجود ہیں، جس سے دشمن بھی انکار نہیں کرسکتا۔ بی بیؐ کے در کو جلانے اور انکے پہلو کو شکستہ کرنے والے نام نہاد مسلمانوں کو کرسی اور دولت کے نشے نے اس حد تک لپیٹ میں لیاتھا کہ رسول پاکؐ کے جگرگوشہ مظلوم بیٹی کو انتہائی ظلم و ستم کے ساتھ شہیدہ کیا۔ ذاکرین نے بی بی کی غم میں قصیدے اور مرثیے پڑھے۔
مجلس علمائے اہلبیتؑ کے مرکزی دفتر میں رسول اللہ کی بیٹی حضرت فاطمۃ الزہراء (س) کی یوم شہادت کے موقع پر مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔ جسمیں علمائے کرام، ذاکرین اور دیگر سینکڑوں مومنین نے شرکت کی۔ تقریب سے مجلس علمائے اہلبیت کے صدر مولانا باقر حیدری، صدر تحریک حسینی مولانا یوسف حسین، مولانا حبیب شاہ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام عالم اسلام کے مرد و زن کیلئے رسول اللہؐ کی بیٹی اسوہ حسنہ ہے۔ انہوں نے افسوس کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہؐ کے وفات کے موقع پر انکے جنازہ کے تجہیز و تکفین سے پہلے رسول اللہ ؐ کے جھوٹے دعویداروں نے انکے سارے املاک بشمول فدک پر قبضہ جمالیا اور رسول پاکؐ کے وفات کے 3 ماہ نہیں گزرے تھے کہ اسی مفاد پرست و نام نہاد مسلمانوں نے ان کی بیٹی کے گھر کو نہ صرف آگ لگادی بلکہ انکی جگرگوشہ بیٹی کو شدید زخمی کر ڈالا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی نام نہاد مسلمانوں نے رسول اللہؐ کے آل کا انکے وفات کے بعد سے کربلا تک کسی قسم کے تقدس کا خیال نہیں رکھا بلکہ پیغمبراسلامؐ کے آل پر انہوں نے ظلم کی انتہا بھی کی۔ مقررین نے ان ایام فاطمیہ کے حوالے سے کہا کہ ایام فاطمیہ اسلامی بیداری کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ ان ایام کو زندہ رکھنا اہل تشیع کیلئے اسلام ناب محمدی سے منسلک ہونے کا ایک محکم ثبوت و دلیل ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ آئندہ سرکار دو عالمؐ کی بیٹی کی شہادت کے موقع پر حکومت کے سارے ادارے تعطیل کرے، اور مجالس و جلوسوں کیلئے فل پروف سکیورٹی کے انتظامات کرے۔ انہوں نے کرم ایجنسی کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ان ایام کو روز عاشورا کی طرح منایا جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲