اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ شریف برادران کی سعودی عرب روانگی کے مقاصد بالکل واضح ہیں۔ نواز شریف پاکستانی سیاست سے مکمل طور پر آؤٹ ہو چکے ہیں سعودی حکومت کی طرف سے ’’مخصوص شرائط‘‘ پر انہیں سیاسی میدان میں سہارا دینے کی کوشش کی جا رہی ہےجو ارض پاک کی سالمیت و بقا کے لیے شدید ترین خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فیصلے پاکستان کے اندر ہی ہونے چاہیے،ملکی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ عوام ایسے عناصر کو مسترد کریں جن پر قومی خزانے کی لوٹ مار ثابت ہو چکی ہے۔
پاکستان کے داخلی معاملات میں کسی بھی ملک کو مداخلت کی اجازت نہ دی جائے۔ عالمی طاقتیں پاکستان کے وجود کی دشمن ہیں۔ان طاقتوں کے ساتھ اگر سخت لہجہ اختیار نہ کیا گیا تو یہ پھر ارض پاک ایسی مشکلات میں پھنس سکتا ہے جس سے نکلنا آسان نہیں ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے نا اہل ہونے والے سابق وزیراعظم نوازشریف آج شام سوا7 بجے سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 739 کے ذریعے ریاض جائیں گے جہاں سابق وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ شہبازشریف کی آج سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع ہے ، شریف برادران ریاض میں قیام کے دوران دیگر شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے ۔
تحریک انصاف نے بھی نواز شریف کے دورہ سعودی عرب پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
.......
/169