اہل البیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی نے داعش کے شجرہ خبیثہ کے خاتمے کے بارے میں میجر جنرل قاسم سلیمانی کے خط کا جواب دیا ہے۔
امام خامنہ ای کے خط کا متن:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
اسلام کے پرافتخار کمانڈر اور مجاہد فی سبیل اللہ جناب میجر جنرل حاج قاسم سلیمانی دام توفیقہ
پورے وجود کے ساتھ خدائے بزرگ و برتر کا شکرگزار ہوں جس نے آپ اور آپ کے رفقائے کار کے عظیم لشکر کو مختلف سطوح پر برکت عطا فرمائی اور شجرہ خبیثہ کو ـ جسے عالمی طاغوتوں نے لگا کر پروان چڑھایا تھا ـ آپ صالح بندوں کے ہاتھوں شام اور عراق میں جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔ یہ داعش نامی روسیاہ اور ظالم ٹولے پر وارد ہونے والی ضرب نہ تھی بلکہ ان خباثت آلود پالیسیوں پر بھی کاری ضرب تھی جنہوں نے اس ٹولے کے شقی القلب اور گمراہ سرغنوں کے ذریعے علاقے میں خانہ جنگیاں شروع کرنے، صہیونیت مخالفت مزاحمت تحریک کو کمزور کرنے اور مستقل و خودمختار ممالک کو کمزور کرنے کو اپنا ہدف و مقصد قرار دیا تھا۔ کاری ضرب تھی امریکہ کے سابقہ اور موجودہ حکومتوں کے پیکر پر جو اس ٹولے کو وجود میں لائے، اس کی ہمہ جہت پشت پناہی کی تا کہ اس طرح مغربی ایشیا کے خطے میں اپنے منحوس تسلط کو فروغ دے سکیں اور غاصب صہیونی ریاست کو اس علاقے پر مسلط کرسکیں۔ آپ نے اس سرطانی اور مہلک پھوڑے کو تباہ و برباد کرکے نہ صرف علاقے اور عالم اسلام، بلکہ پوری دنیا کی اقوام اور پورے بنی نوع انسان کی عظیم خدمت سرانجام دی۔ یہ اللہ کی نصرت اور اس آیت کریمہ کا مصداق ہے جہاں ارشاد ہوتا ہے: "وَمَا رَمَيْتَ إِذْ رَمَيْتَ وَلَـكِنَّ اللّهَ رَمَىٰ"؛ جو آپ اور آپ کے ہم رزم مجاہدوں کی شب و روز مجاہدتوں کو بطور پاداش عطا ہوا۔
میں پورے خلوص کے ساتھ آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور بایں وجود تاکید کرتا ہوں کہ دشمن کے مکر سے غفلت نہ برتیں۔ جن لوگوں نے بھاری سرمایہ کاری کرکے اس منحوس سازش کو تیار کیا تھا وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے، وہ کوشش کریں گے کہ اس سازش کو علاقے کے کسی اور حصے میں کہ دوسری شکل میں اس دوبارہ فعال کردیں۔ اپنے حوصلے کی حفاظت، ہوشیاری اور زیرکی کی حفاظت، اتحاد و یگانگت کی حفاظت، تمام خطرناک باقیات کا مکمل ازالہ، بصیرت افزا ثقافتی اور علمی کام، اور المختصر ہمہ جہت تیاری کو ہرگز فراموش نہ کریں۔ آپ کو اور عراق اور شام اور دیگر ممالک کے تمام مجاہدین کو خدائے بزرگ و برتر کے سپرد کرتا ہوں اور آپ سب پر سلام بھیجتا ہوں اور آپ سب کے لئے دعا کرتا ہوں۔
والسلام علیکم و رحمۃاللہ
21 نومبر 2017
سید علی خامنہای
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
جنرل سلیمانی کے مکتوب کا جواب:
امام خامنہ ای: مخلصانہ مبارکباد کہتا ہوں اور تاکید کرتا ہوں کہ دشمن کی مکاری سے غفلت نہ برتیں
22 نومبر 2017 - 08:08
News ID: 868403
رہبر انقلاب اسلامی نے داعش کے شجرہ خبیثہ کے خاتمے کے بارے میں میجر جنرل قاسم سلیمانی کے خط کا جواب دیا ہے