15 نومبر 2017 - 18:55
علامہ ناصر عباس جعفری کی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات/ناصر شیرازی کے اغواء کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے، بلاول بھٹو زرداری

لاہور میں ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کیساتھ ملاقات میں پی پی پی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی و مذہبی جماعت کے مرکزی رہنما کا اغواء نام نہاد جمہوریت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے، انکی بازیابی کیلئے قومی اسمبلی، سینیٹ اور سندھ اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاوس لاہور میں ملاقات کی۔ علامہ راجہ ناصر عباس اور بلاول بھٹو کے درمیان اہم ملکی اور سیاسی صورت حال سمیت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کے اغواء کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیف ہوئی۔
بلاول بھٹو نے ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو اس واقعہ کا ذمہ دار ٹھرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی و مذہبی جماعت کے مرکزی رہنما کا اغواء نام نہاد جمہوریت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کی بازیابی کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی قومی اسمبلی، سینیٹ اور سندھ اسمبلی میں آواز اٹھائے گی۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سید ناصر شیرازی کی بازیابی کے لئے تعاون کی بھرپور یقین دہانی پر بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مبارک موسوی، مظاہر شگری اور آصف رضا ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

.......

/169