6 نومبر 2017 - 14:49
پاراچنار، مجلس علمائے اہلبیت کیجانب سے کردار زینبی کانفرنس کا انعقاد+تصاویر

مجلس علمائے اہلبیتؑ پاراچنار کی جانب سے انکے مرکزی دفتر میں کردار زینبی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جسمیں علماء، ذاکرین اور دیگر لوگوں نے کافی تعداد میں شرکت کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس علمائے اہلبیتؑ پاراچنار کی جانب سے انکے مرکزی دفتر میں کردار زینبی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جسمیں علماء، ذاکرین اور دیگر لوگوں نے کافی تعداد میں شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق آج پیر کو مجلس علمائے اہلبیتؑ کی طرف سے دفتر مجلس علماء اہلبیت پاراچنار میں ایک کانفرنس بعنوان کردار بی بی زینب سلام اللہ منعقد ہوا۔ جس میں علماء، زعماء، ذاکرین اور دیگر عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس سے علامہ باقر حیدری، مولانا سید محمد جعفر، شبیر ساجدی اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کربلا کے بعد جبکہ دربار یزید میں بی بی زینب(س) کی کردار پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ جناب زینب سلام اللہ علیہا کی شخصیت غم و اندوہ اور تیمارداری میں ہی خلاصہ نہیں ہوتی بلکہ وہ ایک مسلمان خاتون کا مکمل نمونہ تھیں۔ یعنی وہ آئیڈیل جسے اسلام نے خواتین کی تربیت کے لئے لوگوں کے سامنے پیش کیا ہے۔ واقعہ کربلا کے بعد حضرت زینب سلام اللہ علیہا کا کردار بہت اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کربلا کے بعد وہ دمشق لے جائی گئیں جہاں یزید کے دربار میں دیا گیا ان کا خطبہ بہت مشہور ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی زندگی کا یہ پہلو سب سے زیادہ نمایاں ہے۔ عاشورا جیسا عظیم واقعہ زینب کو جھکا نہیں سکا۔ یزید اور ابن زیاد جیسے ظالم و ستمگر افراد کی ظاہری حشمت اور جاہ و جلال زینب کو للکار نہ سکی۔ یزید اور ابن زیاد جیسے مغرور اور ستمگر افراد اس دست بستہ اسیر کے سامنے ذلیل و خوار ہوگئے۔

مقررین نے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں لاپتہ افراد کے مقدمات کو عدالتوں میں پیش کیا جائے اور ناصر عباس شیرازی سمیت بے گناہ لاپتہ افراد کو جلد ازجلد بازیاب کیا جائے۔ انہوں نے تفتان بارڈر پر پھنسے زائرین کی مشکلات کے حوالے سے کہاکہ تفتان بارڈر پر شہداء اور مجروحین زائرین پر جو تشدد کیاگیا، عدلیہ پاکستان ان کا نوٹس لیں۔ بے گناہ زائرین پر تشدد کرنے والے وردی میں ملبوس ملک دشمن عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے۔


 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲