26 اکتوبر 2017 - 18:56
افغان سیکورٹی اہلکاروں کی کارروائیوں میں طالبان اور داعش کے 120 دہشتگرد ہلاک

افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان اور داعش دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی اہلکاروں کی کارروائیوں میں طالبان اور داعش دہشت گرد گروہ کے ایک سو بیس افراد ہلاک ہو گئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ افغانستان کے سیکورٹی اہلکاروں نے مختلف صوبوں منجملہ ننگرہار، غزنی، پکتیا، خوست، لوگر، ارزگان، نیمروز، فراہ، غور، بلخ، چوزجان، فاریاب، قندوز، بغلان اور ہلمند میں طالبان اور داعش دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے طالبان اور داعش کے ایک سو بیس دہشت گردوں کو ہلاک اور انچاس دیگر کو زخمی کر دیا جبکہ بعض دیگر کو گرفتار کر لیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ساٹھ طالبان شامل ہیں جنھیں صوبے ارزگان کے علاقے چارچینو میں ہلاک کیا گیا۔ اس علاقے میں طالبان کے خفیہ ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔

افغانستان سے ہی ایک اور خبر یہ ہے کہ افغان وزارت دفاع کے ترجمان نے کابل میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران افغانستان کے مختلف علاقوں میں افغان سیکورٹی اہلکاروں کی کارروائیوں میں سولہ سو داعش دہشت گرد اور ایک ہزار طالبان ہلاک اور دونوں گروہوں کے تقریبا ایک ہزار دیگر عناصر زخمی ہوئے ہیں۔

افغان وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے کہا کہ ہلاک ہونے والے دونوں گروہوں کے ان افراد میں ان کے بائیس سرغنے بھی شامل ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169