17 اکتوبر 2017 - 14:19
فرانس کی ایک بار پھر ایران ایٹمی سمجھوتے کی پابندی پر تاکید

فرانس نے ایک بار پھر ایٹمی سمجھوتے کی پابندی پر تاکید کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  فرانس کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ پیرس اور تمام فریق  ایٹمی سمجھوتے کے پابند ہیں-

فرانس کی وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ ایٹمی سمجھوتہ ایک مضبوط سمجھوتہ ہے اور فرانس، اس سمجھوتے کے سلسلے میں دوبارہ مذاکرات یا اس کی کسی بھی شق کی اصلاح کے لئے تیار نہیں ہے-

فرانس کے صدر امانوئل میکرون نے بھی جمعے کی رات ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ٹیلی فون پر گفتگو میں ایٹمی سمجھوتے کے خلاف امریکہ کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اور فرانس، ایٹمی سمجھوتے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور اس پر پوری طرح عمل درآمد کے پابند ہیں-

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کی آٹھ رپورٹوں میں ایران کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی پابندی کئے جانے کی تصدیق پر کوئی توجہ دیئے بغیر اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کی جانب سے ایٹمی سمجھوتے کی پابندی کئے جانے کا اعلان نہیں کریں گے-

یورپی یونین اور دنیا کے بہت سے ممالک نے ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد کہا ہے کہ وہ ایٹمی سمجھوتے کی مکمل حمایت کریں گے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲