اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران نے رائٹرز خبررساں ادارے کے اس دعوے کو کہ ایران اپنے میزائل پروگرام کے بعض پہلوؤں پر مذاکرات کے لئے آمادہ ہے سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی میزائل پروگرام پر مذاکرات کی گنجائش نہیں ہے.
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران متعدد بار مختلف بین الاقوامی فورم میں اپنے اس مؤقف کا واضح طور پر اعلان کرچکا ہے اور ملکی حکام بالخصوص وزیر خارجہ نے اپنی ملاقاتوں، انٹرویو بالخصوص حالیہ دورہ نیو یارک کے موقع پر بھی واضح طور پر بتایا تھا کہ ایران اپنے دفاعی پروگرام پر ہرگز مذاکرات نہیں کرے گا اور اسے سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کے برخلاف سمجھتا ہے.
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ملکی دفاع کے لئے میزائل پروگرام کو اپنا قانونی حق سمجھتا ہے اور یقینا میزائل پروگرام کے فروغ کا عمل دفاعی حکمت عملی اور پہلے سے تیار شدہ منصوبوں کے تحت جاری رہے گا.
واضح رہے کہ رائٹرز خبررساں ادارے نے اپنی حالیہ رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ ایران نے اقوام متحدہ کے حالیہ اجلاس کے موقع پر اپنے میزائل پروگرام کے بعض حصوں پر مذاکرات کے لئے اپنی رضامندی ظاہر کی تھی.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲