23 ستمبر 2017 - 19:07
انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن کا محرم پیغام

آغا حسن نے کہا کہ معرکہ کربلا کے اسباب اور علت کے تناظر میں ماہ محرم الحرام ظلم و باطل کے خاتمے اور دین و شریعت کی بالا دستی کیلئے تجدید عہد کا مہینہ ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ماہ محرم کے آغاز پر اپنے پیغام میں نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور ان کے ہم مشن جانبازوں کی عظیم شہادتوں کو عالم بشریت کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے سوگوار ان شہدائے کربلا کو ہدیہ تعزیت پیش کی۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ ماہ محرم الحرام عالم انسانیت کو امام عالی مقام کے کربلائی مشن اور معرکہ کربلا کے فکرو پیغام کی طرف متوجہ کرتا ہے جہاں راہ حق کے ان مسافروں نے اپنی بے پناہ مزاحمت اور استقامت سے عزیمت کی ایسی تاریخ رقم کی جس کی مثال نہ دنیا پہلے پیش کرسکی تھی اور نہ رہتی دنیا تک پیش کرسکے گی۔ آغا حسن نے کہا کہ اسلام کی بقاءِ دائمی کیلئے امام حسین ؑ کا اقدام انتہائی ناگزیر بن چکا تھا اور اگر امام عالیمقام یزید کے اسلام اور انسانیت دشمن عزائم کے خلاف مزاحم نہ ہوتے تو کرہ ارض پر اسلام اور شریعت اسلامی اپنی حقیقی شکل میں موجود نہ ہوتی۔ ملت اسلامیہ کیلئے خلافت اور ملوکیت میں تفریق کرنا انتہائی مشکل بلکہ ناممکن ہوتا۔ اس طرح امام عالیمقام نے دین وملت پر ایسا احسان فرمایا جس کو قیامت تک فراموش نہیں کیا جاسکتا۔آغا حسن نے کہا کہ معرکہ کربلا کے اسباب اور علت کے تناظر میں ماہ محرم الحرام ظلم و باطل کے خاتمے اور دین و شریعت کی بالا دستی کیلئے تجدید عہد کا مہینہ ہے، بالخصوص ایسے حالات میں جب شرعی معاملات میں حکومتی مداخلت کے رحجانات میں اضافہ ہورہا ہے۔ آغا حسن نے اسلامیان جموں و کشمیر سے ماہ محرم الحرام کے دوران اخوت اسلامی کا بھر پور مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آغا صاحب نے کہا کہ دنیا کی ہر قوم بلا لحاظ مذہب و ملت شہدائے کربلا کے عزم و استقامت اور جرا ¿ت و شجاعت کی قائل ہے۔ انہوں نے مسلمانان کشمیر سے اپیل کی کہ وہ محرم جلوسوں میں شرکت کرکے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد ملی کی دشمن قوتوں کو واضح پیغام دے۔ اس موقعہ پر آغا صاحب نے دنیا کی مظلوم ترین اقلیت روہنگیا مسلمانوں کی بدترین نسل کشی اور قتل و غارت کے واقعات پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظلومین کے ساتھ یکجہتی اور ظالموں سے اظہار نفرت کے اس علامتی مہینے میں عزداری کی مجالس اور جلوسوں میں مظلومین میانمار کی سلامتی اور نجات کیلئے خصوصی دعائیں کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲