23 ستمبر 2017 - 14:19
پاکستان میں سخت سکیورٹی میں محرم الحرام کا آغاز، امام بارگاہوں میں رونق

ضلع ملتان میں یکم محرم الحرام سے یوم عاشور تک کل 847 جلوس برآمد اور 1633 مجالس کا انعقاد ہوگا۔ جن میں سے 104 جلوس "اے"کیٹگری اور 383"بی "کیٹگری جبکہ مجالس میں 441 مجالس کا تعلق "اے "کیٹگری سے جبکہ 1222 مجالس کا تعلق "بی"کیٹگری سے ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق محرم الحرام کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں مجالس اور جلوسوں کا آغاز ہوگیا۔ اس سلسلہ میں امام بارگاہوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ عشرہ محرم میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اداروں نے سیکیورٹی پلانز پر عملدرآمد شروع کر دیا۔ دوسری جانب زیارات کی تزئین وآرائش کا آغاز کر دیا گیا ہے، ضلع ملتان میں یکم محرم الحرام سے یوم عاشور تک کل847 جلوس برآمد اور 1633 مجالس کا انعقاد ہوگا۔ جن میں سے 104 جلوس "اے"کیٹگری اور 383"بی "کیٹگری جبکہ مجالس میں 441 مجالس کا تعلق "اے "کیٹگر ی سے جبکہ 1222 مجالس کا تعلق "بی"کیٹگری سے ہے۔ ماتمی جلوسوں میں سے 239 لائسنسی اور 232 روائیتی جلوس شامل ہوں گے۔ امام بارگاہوں کی انتظامیہ نے زیارات کی تزئین وآرائش کے لیئے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے اور اس سلسلے میں زیارات کے رنگ و روغن و دیگر اشیاء کی خرید کے لیئے امام بارگاہوں کی انتظامیہ نے مارکیٹوں اور بازاروں سے خریداری شروع کر دی ہے۔ اس ضمن میں اندرون پاک گیٹ محلہ پیر قاضی جلال امام بارگاہ آستانہ استاد والی زیارت کی محرم کی آمد کے پیش نظر تین محرم کو تیاری کا آغاز ہو جائے گا، لائسنسدار خلیفہ الطاف حسین نگرانی کریں گے۔ نیز ملتان سمیت ملک بھر میں شہدائے کربلا کی یاد میں امام بارگاہوں اور دیگر مقامات پر مجالس عزا کا آغاز ہو گیا ہے اور ماتمداری شروع ہو گئی ہے۔ ملتان پولیس کی جانب سے تمام جلوسوں اور مجالس کے لئے سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ یکم محرم الحرام کو ضلع ملتان میں کل 4 ماتمی جلوس برآمد کئے جائیں گے جن میں سے 1 لائسنسی اور 3 روائتی ہوں گے۔ 1 ماتمی جلوس کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح آج یکم محرم الحرام کو ضلع ملتان میں 142 مجالس عزا منعقد ہوئیں جن میں 45 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔

رپورٹر : عدیل عباس

۔۔۔۔۔۔۔

/169