14 ستمبر 2017 - 18:42
سلامتی کونسل نے میانمار میں مسلمانوں کے خلاف مظالم کی شدید مذمت کی

اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل نے میانمار کی ریاست رخائن میں مسلمانوں کے خلاف بدترین مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل نے میانمار کی ریاست رخائن میں مسلمانوں کے خلاف بدترین مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے.

سلامتی کونسل نے رخائن ریاست میں پرتشدد واقعات کی شدید مذمت کی ہے جس کی وجہ سے تقریبا چار لاکھ مسلمان اپنی جان بچا کر بنگلہ دیش کی طرف بھاگنے پر مجبور ہوگئے ہیں.

امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق، سلامتی کونسل کی غیرمعمولی نشست بند کمروں میں منعقد ہوئی جس کے اختتام میں مذمتی بیان کے ساتھ میانمار میں تشدد کے فوری خاتمے کا بھی مطالبہ کیا گیا.

سلامتی کونسل نے میانمار میں تشدد میں اضافے کے حوالے سے منظر عام پر آنے والی رپورٹس پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت میانمار سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرین اور پناہ گزینوں کے معاملے کو جلد حل کرے اور اس کے ساتھ امن و امان کے فوری نفاذ اور کشیدگی کے خاتمے کو یقینی بنائے.

اقوام متحدہ میں برطانوی مندوب نے سلامتی کونسل کے بند کمرے کے اجلاس کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا کہ میانمار کی صورتحال کے حوالے سے سلامتی کونسل کا 9 سال کے بعد یہ پہلا بیان ہے.

یاد رہے کہ 25 اگست سے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ریاست فورسز اور انتہاپسندوں عناصر نے کارروائی کرتے ہوئے ریاست رخائن میں مسلمانوں کے ڈھائی ہزار سے زائد گھر جلا دیئے جس کے نتیجے میں تین ہزار مسلمانوں جاں بحق ہوگئے.

اقوام متحدہ کے مطابق، تازہ ترین تشدد کے واقعات کی وجہ سے لاکھوں روہنگیا مسلمان اپنی جانیں بچا کر بنگلہ دیش جا چکے ہیں.

گزشتہ سالوں سے میانمار کی ریاست رخائن میں لسانی اور مذہبی کشیدگی رہی ہے لیکن حالیہ پرتشدد واقعات کی لہر سب سے بدتر ہے اور اس سے جان بچا کر بھاگنے کی کوشش میں کئی افراد دریا میں ڈوب کر اپنی جانیں گنوا چکے ہیں.

گزشتہ سال میں بھی پرتشدد واقعات کے نتیجے میں ہزاروں روہنگیا مسلمان جاں بحق اور لاکھوں ہجرت کرنے یا گھر بار چھوڑ کر کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہو گئے تھے.

حال ہی میں بھی روہنگیا کے مسلمانوں کے خلاف پرتشدد واقعات کا آغاز ہوگیا ہے، ادھر عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں نے میانمار کی سکورٹی فورسز اور لسانی رخائن گروہ پر روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا الزام عائد کیا ہے.

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲