10 ستمبر 2017 - 16:01
انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے صدر کا غدیر پیغام

یہ عید اہل اسلام کے لئے محبت اور دوستی کا پیغام ہے، یہ عید تمام مسلمانوں کو باہمی اخوت اور بھائی چارہ کی دعوت دیتی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ میں عید غدیر کی سالگرہ کے موقع پرتمام عالم اسلام بالخصوص اہل کشمیرکو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس عید کو اسلامی روایات و احادیث میں عید اکبر سے تعبیرکیا گیا ہے ،یہ وہ مبارک دن ہے جس دن سرکار رسالتمآب حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حجۃ الوداع سے واپسی کے موقع پر غدیرخم کے مقام پرسوا لاکھ حاجیوں کے مجمع کے سامنے امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی ولایت کا اعلان کیا ، خطبہ غدیر کا یہ جملہ " من کنت مولاہ فھذاعلی مولاہ " آج بھی  واشگاف لفظوں میں مولائے کائنات کی ولایت کا اعلان کررہا ہے ، اگرچہ لفظ مولا کے معنی کے سلسلہ میں اہل سنت اور شیعہ حضرات کے درمیان اختلاف ہے، شیعہ اس جملہ کے سیاق وسباق کی روشنی میں اس سے "حکومت اور سرپرستی" کے معنی مراد لیتے ہیں جب کہ اہل سنت اس  کو "محبت اور دوستی  "کے معنی میں لیتے ہیں، بہر حال یہ عید اہل اسلام کے لئے محبت اور دوستی کا پیغام ہے، یہ عید تمام مسلمانوں کو باہمی اخوت اور بھائی چارہ کی دعوت دیتی ہے ۔عصر حاضر میں جب کہ عالم اسلام داخلی انتشار اور بیرونی سازشوں کی وجہ سے مختلف مصائب وآلام  میں گرفتار ہے مسلمانان عالم کا باہمی اتحاد اور جذبہ ایثار وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے، آئیے ہم سب مل کراس عید کو شان وشوکت سے منائیں اور اس عید کے سب سے اہم پیغام یعنی باہمی اتحاد اور اخوت کو اپنا نصب العین قراردیں۔ ہمارا اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے جس کے سامنے کوئی بھی سامراجی اور استکباری طاقت اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتی خواہ وہ کوئی بھی لبادہ اوڑھ کر سامنے آئے اور کوئی بھی حربہ استعمال کرلے۔ پروردگار عالم کی بارگاہ میں دست بدعا ہوں کہ وہ ہمیں امیرالمومنین  حضرت علی علیہ السلام کے سچے چاہنے والوں میں شمار کرے ، ہمیں ان کے راستہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے، مسلمانان عالم کو اتحاد و اخوت کی دولت سے مالا مال فرمائے ۔ والسلام
آغا سید حسن الموسوی الصفوی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲