اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے وزیرخارجہ نے کہا ہےکہ اسلام آباد کو امریکا کا اتحادی ہونے کے باعث بے پناہ نقصانات برداشت کرنے پڑے ہیں- اس درمیان پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے امور میں امریکا کی خصوصی ایلچی کا دورہ اسلام آباد منسوخ ہوگیا ہے
پاکستان کے وزیرخارجہ خواجہ آصف نے اسلام آباد اور واشنگٹن کے تعلقات کے بارے میں اپنے تازہ ترین بیان میں کہا ہے کہ امریکا کو افغانستان کی جنگ میں شکست کا ذمہ دار پاکستان کو نہیں قرار دینا چاہئے اور واشنگٹن کو چاہئے کہ وہ اسلام آباد کے خلاف الزام تراشیوں کا سلسلہ بند کرے - پاکستانی وزیرخارجہ نے امریکی صدر کے ان دعوؤں کو کہ پاکستان دہشت گردوں کی حمایت کرتاہے افسوسناک قراردیا اور کہا کہ پاکستان کے دولاکھ فوجی اس وقت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشغول ہیں اور ہزاروں پاکستانی فوجی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قربانی دے چکے ہیں - خواجہ آصف نے دعوی کیا کہ پاکستان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں نوے فیصد حملوں کی منصوبہ بندی ان عوامل اور عناصرکے ذریعے کی جاتی ہے جو افغانستان میں موجود ہیں - اس درمیان امریکا اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر پاکستان اور افغانستان کے امور میں امریکی حکومت کی خصوصی ایلچی کا دورہ اسلام آباد منسوخ ہوگیا ہے - پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ مسز ایلس ویلز کا دورہ اسلام آباد منسوخ ہوگیا ہے- پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی حکومت کی خصوصی ایلچی کا دورہ اسلام آباد پاکستانی حکومت کے کہنے پر ملتوی کیا گیا ہے اور پاکستان فی الحال امریکی حکام سے بات چیت کے لئے تیار نہیں ہے - گذشتہ ہفتے سے جب امریکی صدر ٹرمپ نے افغانستان پاکستان اور خطے کے بار ے میں اپنی پالیسی کا اعلان کیا تھا اور جس میں پاکستان پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کیا گیا تھا، اسلام آباد اور واشنگٹن کے تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں اور پاکستانی حکام اورعوام میں امریکا کے تئیں شدید غم وغصے کا اظہار کیا جا رہا ہے - امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے اپنے یہاں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم نہ کیں تو واشنگٹن پاکستان کے لئے اپنی مالی امداد بند کردے گا -صدر ٹرمپ کے اس بیان کے خلاف پچھلے چند روز کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں امریکا مخالف مظاہرے ہوئے ہیں - پیر کی شام بھی کراچی میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آئی ایس او کی جانب سے امریکا مردہ ریلی نکالی گئی - تاہم ریلی کے شرکا جوں ہی امریکی قونصل خانے کی جانب بڑھنا چاہتےتھے کراچی پولیس نے ان پر شدید شیلنگ اور لاٹھی چارج کردیا اور مظاہرین کو منتشر کردیا - دوہزار ایک میں افغانستان پر امریکا کی لشکر کشی کے بعد پاکستان کے لئے دردناک نتائج سامنے آئے ہیں اور ان کی وجہ سے پاکستانی عوام میں امریکا کے سلسلے میں نفرت و غصے میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲