اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان زون شالیمار کے اراکین و عاملین کا ایک روزہ کنونشن تنظیم کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں زون شالیمار کے تمام تنظیمی عہدہ داروں کے علاوہ علاقہ کے مدعو معززین اور نوجوانوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ کنونشن میں تنظیمی معاملات زیر بحث لائے گئے اور علاقہ شالیمار میں تنظیم کی مزید فعالیت کیلئے مندوبین کی مشاورت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی مرتب کی گئی۔ مندوبین نے انجمن شرعی شیعیان کی تبلیغی خدمات اور مختلف ادوار میں خطہ کشمیر میں مسلک شیعہ کے استحکام کیلئے اسلاف علماءدین کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تنظیم کے مقدس مشن کو جاری و ساری رکھنے کیلئے اراکین و عاملین ہر سطح پر تجدید وفا کا مظاہرہ کریں گے۔ کنونشن میں تنظیم کے اہتمام سے علاقہ شالیمار میں منعقد ہونے والے دینی پروگراموں کی شایان شان عمل آوری کے دیرینہ سلسلے کو من و عن جاری رکھنے کے حوالے سے مختلف امورات کو زیر غور لایاگیا۔ تنظیم کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اراکین و عاملین کے جذبہ ایثار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اسلاف علماءدین کی گران قدر خدمات اور تنظیم کے مقدس مشن کی اعتباریت کا نتیجہ ہے کہ لوگ ایمانی جذبے کے ساتھ تنظیم سے جُڑے ہوئے ہیں اور صدیاں گزرجانے کے باوجود یہ عقیدت اور وابستگی متزلزل نہیں ہوسکی ۔اس موقعہ پر آغا صاحب نے تمام تنظیمی زونوں کو دیہہ کمیٹیوں کے تشکیل نو کیلئے متحرک ہونے کی ہدایت دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲