16 اگست 2017 - 14:35
وزارت خارجہ کے ترجمان : ایران امریکہ کی نیت سے اچھی طرح واقف ہے

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان کے ایران مخالف بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام کو جامع ایٹمی معاہدے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کے نمایاں کردار کے بارے میں حقیقت پسندی سے کام لینا چاہیے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان ہیتھر نیورٹ نے دعوی کیا ہے کہ ایران کے اقدامات خطے کے استحکام پر اثر انداز ہو رہے ہیں جو بقول ان کے جامع ایٹمی معاہدے کی روح کے منافی ہیں۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ہیتھر نیورٹ کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تہران، امریکی حکام کی جانب سے ایران کے خلاف بے بنیاد دعوؤں اور الزامات کے اعادے کے پس پردہ اہداف اور نیتوں سے اچھی طرح واقف ہے۔
انہوں نے کہاکہ امریکہ کو علاقے اور دنیا کے امن و استحکام اور سلامتی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اور نہ ہی وہ عراق اور شام میں دہشت گردی کے خاتمے سے راضی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کی جانب سے جامع ایٹمی معاہدے کی پابندی کیے جانے کا ذکر کیا ہے اور یہ بات زور دے کر کہی ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی اور جامع ایٹمی معاہدے کے تمام فریقوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران جامع ایٹمی معاہدے کی روح اور متن کی مکمل پابندی کر رہا ہے۔ترجمان وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ ایران کی جانب سے جامع ایٹمی معاہدے کی روح کے منافی اقدامات کا شور وغل در اصل تہران کے خلاف امریکہ کے غیر تعمیری اور اشتعال انگیز اقدامات سے عالمی رائے عامہ کی توجہ ہٹانے کی غرض سے مچایا جارہا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بات زور دے کہی کہ حکومت امریکہ نے پچھلے چند ماہ کے دوران جو اقدامات کیے ہیں اور جس قسم کا رویہ اپنا رکھا ہے وہ جامع ایٹمی معاہدے کے متن کی صریح خلاف ورزی ہے جس میں معاہدے پر نیک نیتی کے ساتھ عملدرآمد اور ایسے ہر اقدام سے گریز کا پابند کیا گیا ہے جو جامع ایٹمی معاہدے پر کامیاب عملدرآمد کی راہ میں رکاوٹ بن سکتے ہوں۔

........

/169