اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے صدر نے آسٹریا کے ساتھ دیرینہ تعلقات اور مضبوط دوستی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے اسلامی جمہوریہ ایران تمام یورپی ممالک بالخصوص آسٹریا کے ساتھ باہمی روابط کو بڑھانے کا خیرمقدم کرتا ہے.
یہ بات صدر مملکت ڈاکٹر 'حسن روحانی' نے بدھ کے روز تہران میں آسٹریا کے نئے سفیر 'اسٹیفین شولٹز' کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی.
اس موقع پر آسٹریا کے سفیر نے اپنی اسناد تقرری صدر اسلامی جمہوریہ ایران کو پیش کیں.
ایرانی صدر نے کہا کہ جوہری معاہدے کے نفاذ سے ایران اور آسٹریا کے تعلقات کی توسیع کے لئے اچھی فضا قائم ہوگئی ہے جس سے دونوں ممالک کو استفادہ کرنا چاہئے.
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور آسٹریا کے عوام تاریخ میں ایک دوسرے کے مفادات کے خلاف قدم نہیں اٹھایا اور دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات قائم ہیں.
صدر روحانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس سرمایہ کاری، تجارت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے لئے سنہری مواقع میسر ہیں.
انہوں نے کہا کہ ایران جوہری معاہدہ دنیا کا مثالی معاہدہ تھا جس کا خواب ویانا میں شرمندہ تعبیر ہوا اور اس معاہدے سے کسی ملک کو نقصان نہیں پہنچا بلکہ تمام فریقین اس کے ثمرات سے مستفید ہوں گے.
ایرانی صدر نے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے حوالے سے آسٹریا کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ایران جوہری معاہدے سے یورپی ریاستوں کو فائدہ پہنچے گا اس لئے یورپی یونین کو چاہئے اس معاہدے کے حوالے سے اپنے کردار کو مزید فروغ دے.
اس ملاقات میں آسٹریا کے سفیر نے ایران کے ساتھ قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، مشکل حالات میں آسٹریا کو ہمیشہ اپنا بھروسہ دار دوست اور پارٹنر سمجھ سکتا ہے.
انہوں نے کہا کہ ان کا ملک عالمی سطح پر اسلامی جمہوریہ ایران کے مقاصد اور اس کی پالیسیوں کی حمایت کرتا ہے.
آسٹریا کے سفیر نے مزید کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے اور اس مقصد سے آسٹریا کے مرکزی بینک سنجیدہ اقدامات کے لئے بھی تیار ہے.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲