اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تہران میں شام کے وزیر اعظم عماد خمیس سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر علی شمخانی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ امریکہ اور مغربی ممالک دہشت گردی کی بیخ کنی کے بجائے مشکوک اقدامات کے ذریعے دہشت گردی کے دوام کا راستہ ہموار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر بعض ممالک دہشت گردوں کی مالی، تیکنیکی اور فوجی امداد بند کردیں تو نہ صرف اس خطے میں بلکہ یورپ میں امن و امان بحال ہوگا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کی امید پیدا ہوجائے گی۔
ڈاکٹر علی شمخانی نے شام کے شہر رقہ پر امریکی بمباری اور منموعہ ہتھیاروں کے استعمال کے نتیجے میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا۔
شام کے وزیر اعظم عماد خمیس نے اس موقع پر کہا کہ خطے میں پائدار امن کا قیام اور دہشت گردی کا خاتمہ بعض ملکوں کی پالیسیوں میں تبدیلی کا متقاضی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک داعش، جبہت النصرہ اور دیگر دہشت گرد گروہوں کا حقیقی معنوں میں مقابلہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169